حارث کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت ، شعیب اور حفیظ کی واپسی

   

کراچی۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے اور معلنہ ٹیم میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی ہوئی ہے۔ چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ مصباح الحق کے ہمراہ سلیکٹر ندیم خان اور کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث روف، افتخار احمد ، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، عثمان قادر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ میچز دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوں گے اور شام 6 بجے تک ختم ہوجائیں گے ، کیونکہ لاہور ان دنوں سرد موسم کی لپیٹ میں ہے اس لئے کوشش کی گئی ہے کہ شام کو سردی بڑھنے سے قبل میچ ختم ہوجائے تاکہ اوس گرنے کے امکانات بھی نہ ہوں۔پاک بنگلہ سیریز کا پہلا میچ جمعہ 24 جنوری، دوسرا ہفتہ 25 جنوری اور تیسرا و آخری میچ پیر 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔