زہریلی شئے کا استعمال کا شبہ، ادویات ضبط
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز)پرانے شہر کے علاقہ حافظ بابا نگر کے ایک مکان میں مشتبہ طور پر بھائی اور بہن کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ زہر کے استعمال کے نتیجہ میں یہ اموات ہوئی ہیں۔ انسپکٹر کنچن باغ مسٹر وینکٹ ریڈی کے بموجب 15 سالہ نیہا جبین اور اس کے بھائی محمد عبدالعزیز اپنے مکان میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے جس کے نتیجہ میں ان کے والد عبدالرحیم جو کار ڈرائیور ہیں نے دونوں کو دواخانہ منتقل کیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عبدالرحیم اپنے مکان پہنچنے پر اپنی بیٹی اور بیٹے کو انتہائی بے ہوشی کی حالت میں پایا جس کے نتیجہ میں انہیں فوری ایک خانگی دواخانہ اور بعد ازاں دواخانہ عثمانیہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عبدالرحیم نے اپنی بیوی فرحت بیگم کو خرابی صحت کے سبب ان کے میکے چھوڑ کر مکان واپس لوٹے تھے۔ پولیس کنچن باغ کو شبہ ہے کہ کسی زہریلی شئے کے استعمال کے نتیجہ میں موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس نے مکان میں موجود کھانے کے برتن اور بعض ادویات بھی ضبط کرلئے ۔ اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیاگیا ہے۔