حافظ بابا نگر میں عوام کا اچانک شدید احتجاج

,

   

حیدرآباد : بالاپور تالاب کے کٹے کو منہدم کرنے کی افواہوں کے بعد حافظ بابا نگر کے عوام میں بے چینی پیدا ہوگئی ۔ پانی کے اخراج اور رُخ موڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کئی افراد نے احتجاج کیا۔ آج دوپہر حافظ بابا نگر کے تینوں بلاکس کے مکینوں نے اچانک احتجاج شروع کردیا اور پانی کے رُخ کو موڑنے عہدیداروں کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج سے وہاں ہلکی کشیدگی پھیل گئی جسکے نتیجہ میں چندرائن گٹہ پولیس عملہ نے بیریکٹس نصب کرکے عوام کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ شدید بارش کے دوران بابا نگر میں پانی داخل ہورہا تھا اور سوشل میڈیا پر ایک مسیج وائرل کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ بالاپور تالاب کے کٹے کو پانی کے اخراج کیلئے منہدم کیا جارہا ہے۔ اِس افواہ کے بعد عوام میں بے چینی پیدا ہوگئی اور خدشہ ہوگیا کہ پانی حافظ بابا نگر میں داخل ہوجائے گا جس سے جان و مال کا نقصان یقینی ہے۔ اِس اندیشہ پر عوام نے احتجاج کیا ۔ بلدی حکام نے مقامی افراد کی مدد سے سمنٹ اور ریتی سے بھرے تھیلوں کو اُن راستوں پر رکھ دیا جہاں سے پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر غیر ضروری افواہیں پھیلائی جارہی ہیں اور گرم چیرو تالاب کا کوئی حصہ منہدم نہیں کیا جارہا ہے اور متعلقہ محکمہ جات کے انجینئرس نظر رکھے ہوئے ہیں۔