حافظ محمد عبدالقدیر حسامی کی شاعری کے مجموعہ کی رسم رونمائی

   

نظام آباد :15؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) معروف ادیب صحافی استاد الشعراء مولانا حافظ محمد عبدالقدیر حسامی امام و خطیب مسجد عبداللہ المعرو ف بہ تمیم نظام آبادی کی شاعری کا چوتھا مجموعہ مجموعی طور پر پانچواں مجموعہ ’’روشن روشن لفظ ‘‘ کی رونما ئی انیل کامنینی ٹرسٹی دومکنڈہ فورٹ اینڈ ولیج ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے ہاتھوں دومکنڈہ فورٹ کے پنڈلی حال میں عمل میں آئی ۔ موصوف کی یہ شاعری کی چوتھی تنصیف ہے اس سے قبل تین تصنیف مدح ممدو ح یزداں ، اتمام ، رباعات تمیم و مضامین نو منظر عام پر آچکی ہے جن کو اہل علم و ادیب اور دانشوروں کی جانب سے پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ تقریب رونمائی کے موقع پر ڈاکٹر مصطفی کمال مدیر شگوفہ حیدرآباد ،پروفیسر مجید بیدار ، پروفیسر نسیم الدین فریس ، پروفیسر شوکت حیات ، محترمہ ادیش رانی باوا ، ڈاکٹر محسن جلگان وی ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، ڈاکٹر معید جاوید ، ڈاکٹر محمد عبدالقوی ، ڈاکٹر عبدالغنی ، محترم سجاد شاہد ، سمیع اللہ سمیع ، واحد نظام آباد ی ، شیخ احمد ضیاء ، معین راہی ، قدیر دانش ، اطیب اعجاز، محبوب خان اصغر، محمد ارشد ، حسن سنجری و دیگر معزز ین شریک رہے ۔مجلس کی نظامت ڈاکٹر محمد عبدالقوی پروفیسر تلنگانہ یونیورسٹی نے بحسن و خوبی انجام دی ۔ قبل ازیں دومکنڈہ فورٹ اینڈ ولیج ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ادبی سمینار بعنوان ’’ ادبیات تلنگانہ کے فروغ میں دومکنڈہ سمستھان کی خدمات ‘‘ منعقد ہوا ۔ بعدازاں ایک عظیم الشان مشاعرہ منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر محسن جلگانوی ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، ڈاکٹر رئوف خیر ، ڈاکٹر معید جاوید ، سمیع اللہ سمیع ، اطیب اعجاز ، واحد نظام آباد ی ، تمیم نظام آبادی ، محمد ارشد ، محبوب خان اصغر، شیخ احمد ضیاء ، معین راہی ، قدیر دانش ، حسن سنجری نے راجہ راجیشور رائو اصغر اور دومکنڈہ سمستھان کی ادبی خدمات پر تہنیت و منظوم اشعار سناتے ہوئے خوب داد و تحسین حاصل کی ۔