حالات اور اعداد وشمار کے کے آر کے چمپئن بننے کے حق میں

   

احمد آباد ۔ آئی پی ایل 2024 کے پہلے کوالیفائر میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 8 وکٹوں سے شاندار فتح حاصل کی۔ کولکتہ کے سامنے 160 رنزکا ہدف تھا اور اس ٹیم نے اسے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 13.4 اوور میں حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی کولکتہ کی ٹیم چوتھی بارآئی پی ایل کے فائنل میں پہنچی ہے اور اب ایسا لگتا ہے کہ وہ چمپئن بن جائے گی۔ اس کی پہلی وجہ کولکتہ کا موجودہ فام ہے اور دوسری وجہ وہ دو اتفاقات ہیں جوکے کے آرکے چمپئن بننے کا اشارہ دے رہے ہیں۔ کے کے آر کے آئی پی ایل چمپئن بننے کا پہلا اتفاق یہ ہے کہ پچھلے 5 سالوں میں جس بھی ٹیم نے پہلا کوالیفائر جیتا ہے اس نے کپ اپنے نام کیا ہے۔آئی پی ایل 2018 میں، چنئی نے سن رائزرز حیدرآباد سے پہلا کوالیفائر 2 وکٹوں سے جیتا اور آخرکار فائنل بھی جیت لیا۔ آئی پی ایل 2019 میں، پہلا کوالیفائر ممبئی انڈینز نے 6 وکٹوں سے جیتا تھا اور پھر فائنل میں ممبئی نے چنئی کو ایک رن سے شکست دی تھی۔ آئی پی ایل 2020 کے پہلے کوالیفائر میں، ممبئی نے دہلی کیپٹلس کو 57 رنز سے شکست دی اور فائنل میں، ممبئی نے دوبارہ 5 وکٹوں سے خطاب پر قبضہ کیا۔ آئی پی ایل 2021 میں چنئی نے پہلے کوالیفائر میں دہلی کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور پھر فائنل میں چنئی نے کے کے آرکو 27 رنز سے شکست دی۔ آئی پی ایل 2022 میں راجستھان رائلزکو گجرات ٹائٹنز نے پہلے کوالیفائر میں7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ فائنل میں گجرات نے ایک بار پھر راجستھان کو7 وکٹوں سے شکست دی۔ آئی پی ایل 2023 کے پہلے کوالیفائر میں چنئی سوپرکنگز نے گجرات ٹائٹنزکو 15 رنز سے شکست دی۔ چنئی نے فائنل میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔علاوہ ازیں کولکتہ نائٹ رائیڈرزکا آئی پی ایل چمپئن بننے کا دوسرا اتفاق یہ ہے کہ جب بھی یہ ٹیم گروپ مرحلے کے پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ2 میں رہی ہے، اس نے خطاب جیتا ہے۔ 2012 میں یہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر رہی اور دوبارہ چمپئن بن گئی۔ 2014 میں بھی یہ ٹیم دوسرے نمبر پر رہی اور پھر کے کے آر نے آئی پی ایل جیتا۔ 2021 میں کے کے آر چوتھے نمبر پر رہا لیکن اس ٹیم کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب یہ ٹیم اس سیزن میں بھی ٹاپ2 میں آئی ہے، اس نے کوالیفائرز جیت کر فائنل میں بھی داخلہ حاصل کیا ہے، تو کیا کے کے آر اس بار بھی چمپئن بنے گا؟ جواب 26 مئی کو مل جائے گا۔