وزیر اعظم برطانیہ کا عوام کے نام مکتوب۔ گھروں سے محدود رہنے کی خواہش۔ ڈاکٹرس و نرسیس کی ستائش
لندن 29 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم برطانیہ بورس جانسن نے ہر برطانوی شہری کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں۔ سماجی دوریوں کے اصولوں پر سختی سے عمل آوری کریں تاکہ اس عالمی وباء سے نمٹا جاسکے ۔ بورس جانسن کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں اور انہوں نے خود کو آئیسولیشن میں کرلیا ہے ۔ جانسن نے اپنے مکتوب میں عوام کو خبردار کیا ہے کہ حالات بہتر ہونے سے پہلے مزید بگڑسکتے ہیں۔ جانسن نے اس مکتوب میں کہا ہے کہ صورتحال اگر متقاضی ہوجائے تو وہ مزید سخت فیصلے کرنے سے گریز نہیں کرینگے ۔ بورس جانسن کا یہ مکتوب برطانیہ کے تقریبا تین کروڑ گھروں تک ایک ورقئے کے ساتھ پہونچایا جائیگا جس میں حکومت برطانیہ کی جانب سے عوام کو دی جانے والی ہدایات کو شامل کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مکتوب کی ہر گھر تک رسائی کیلئے 5.8 ملین پاونڈ کے اخراجات آئیں گے ۔ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد سے وزیر اعظم برطانیہ اپنے گھر ہی سے کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حالات بہتر ہونے سے پہلے مزید بگڑ سکتے ہیں جبکہ برطانیہ میں اس وائرس کی وجہ سے اموات کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ صرف ہفتے کے دن یہاں 260 اموات کی اطلاع ہے جبکہ 17 سے زائد نئے کیسیس کا پتہ چلا ہے ۔ انہوں نے مکتوب میں کہا کہ عوام سے ان کا رابطہ کرنا ضروری ہے ۔ حالات بہتر ہونے سے قبل بگڑسکتے ہیں۔ لیکن ہم درست تیاریاں کر رہے ہیں اور مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔ ہم ضرورت پڑنے پر سائنٹفک اعتبار سے مزید سخت فیصلے کرنے سے بھی گریز نہیں کرینگے ۔ ہم تمام قوانین اور اصولوں کی پابندی کریں گے تاکہ انسانی زندگیوں کے اتلاف کو کم سے کم کیا جاسکے ۔ کوشش اس بات کی کی جائے گی کہ زندگی جلد معمول کی سمت لوٹ آئے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء ہی سے ہم نے صحیح اقدامات صحیح وقت پر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ ہم مزید اقدامات سے بھی گریز نہیں کرینگے تاکہ نقصانات سے بچا جاسکے ۔ بورس جانسن نے ہر اس شہری سے اظہار تشکر کیا ہے جو اس وائرس سے نمٹنے میں اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے ڈاکٹرس ‘ نرسیس اور دوسرے نگہداشت صحت شعبہ کے ورکرس کا خاص طور پر تذکرہ کیا ہے ۔ برطانیہ میں نیشنل ہیلت اسکیم کے تحت کام کرنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں سبکدوش ڈاکٹرس اور نرسیس بھی کام پر واپس آ رہی ہیں۔ اسی لئے وہ قومی آفت کے اس وقت میں ہر برطانوی شہری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں محدود رہیں ۔ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کی زندگیوں کا بھی تحفظ کریں۔ بورس جانسن کے اس مکتوب میں حکومت کی ہدایات کو واضح طور پر پیش کیا گیا ہے کہ عوام کو اس صورتحال میں کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے ۔