حالات سے مایوسی کے بجائے قرآن و سنت پر عمل کریں

   

مدرسہ اسلامیہ منہاج العلوم محبوب آباد میں جلسہ دستاربندی حفاظ ، علماء کا خطاب
ورنگل۔/13فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )مدرسہ اسلامیہ منہاج العلوم محبوب آباد کے زیر اہتمام جلسہ دستار بندی حفاظ کرام و اصلاح معاشرہ پروگرام زیر سرپرستی مولانا ستار قاسمی صدر مدرسہ باب العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی ،زیر صدارت مولانا محمد فصیح الدین قاسمی مدرسہ عربیہ سراج العلوم ورنگل اور زیر نگرانی حافظ محمد عبدالحمید صدر مدرس مدرسہ ہذا انعقاد عمل میں لایا گیا۔پروگرام کا آغاز قرآت کلام پاک سے ہوا۔مفتی محمد عبدالکریم قاسمی نے نظامت کی۔ناظم مدرسہ اسلامیہ منہاج العلوم محبوب آبادشہ نشین پر موجود تھے۔اس موقع پر معروف عالم دین حضرت مولانا پی ایم مزمل رشادی والا جاہی نے بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن مجید مکمل حفظ کرنے والے طلبہ بہت ہی خو ش نصیب ہیں۔یہ خوش نصیبی ہر ایک کو نصیب نہیں ہوتی یہ اللہ تعالی کی جانب سے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ قرآن کریم پڑھ کر حفظ مکمل کرنے والے اور پڑھانے والے استاد محترم کے بارے میں احادیث مبارکہ میں کثرت سے فضیلتیں پائی جاتی ہیں۔حفظ قرآن مجید کی تکمیل ایک بہت بڑی نعمت ہے۔انہوںنے کہاکہ آج کے اس پرآشوب دور میں ہر سمت اسلام دشمن طاقتوں کی یلغار ہے ان حالات میں مایوس ہونے کے بجائے اپنی زندگی قرآن و سنت کی روشنی میں گزاریں۔انہوںنے کہاکہ ہر فرد اس بات کا عزم کرے کہ اپنے بچوں کو قرآن حافظ بنائیں گے۔قرآن پاک کے احکامات پر عمل کرنے پر دنیا وآخرت دونوں حاصل ہونگی۔ انہوںنے کہاکہ قرآنمجید ایک نظام زندگی ہے جس میں دنیا کے تمام مسائل کا حل اور انسانی زندگی کے سارے مسائل موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ اللہ تعالی کو اپنی بڑائی ،اور تسبیح و تمہید بہت پسند ہے۔چلتے پھرتے ،اٹھتے بیٹھتے ہر مسلمان کو ذکر الہی کی عادت ڈالنی چاہیے۔انہوںنے طلباء سے کہا کہ وہ دین و ملت کی خدمت کا جذبہ رکھیں اور اپنے اساتذہ سے مربوط رہیں۔اس جلسہ کو حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین ناظم مدرسہ فیض العلوم کریم نگر ، مولانا محمد عتیق الرحمن اسعدی ورنگل ،جناب عبداللہ شاستری تلگو مقرر نے بھی مخاطب کیا۔اس موقع پر مولانا محمد فصیح الدین قاسمی نے اپنی صدارتی خطاب میں مولانا عبدالطیف رشیدی ناظم مدرسہ ہذا کی ستائش کی جنھوںنے اس اجتماع کو منعقد کیا۔شہ نشین پر مولانا عبدالعظیم قاسمی صدر جمیعتہ علماء ورنگل ،مفتی محمد زکریا احمد ناظم مدرسہ المہد الاسلامی ورنگل ،حافظ حیدر سمیع اللہ حسینی ،حافظ عبدالمقیت موجود تھے۔ناظم مدرسہ مولانا محمد عبدالطیف رشیدی کے ہدیہ تشکر پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔اس موقع پر تمام شرکاء کیلئے طعام کا اہتمام کیا گیا۔اس جلسہ میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی۔