موجودہ وقف ایکٹ کیخلاف مسلم پرسنل لاء بورڈ کے لائحہ عمل پرموثر عمل آوری ناگزیر‘شعور بیداری پر زور‘ نظام آباد میںمسلم تنظیموں و سیاسی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس
نظام آباد: 24؍اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد میں دو یوم قبل مسلم پرسنل لاء کمیٹی کے زیر اہتمام ایک اجلاس میں ہوئے انتشار کے پیش نظر آج شام لمرا گارڈن فنکشن بینکوٹ ہال میں مسلم تنظیموں کے قائدین عمائدین سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا ایک مشترکہ اجلاس مفتی سعید اکبر خطیب و امام جامع مسجد کی صدارت میں منعقد ہوا اور شہر میں ایک متحدہ پلیٹ فارم اور تمام ہی کیلئے قابل قبول شخصیت کو ذمہ دار بناتے ہوئے موجودہ وقف ایکٹ کے خلاف آل انڈیا پرسنل لاء بورڈ کے مجوزہ قطعیت شدہ لائحہ عمل کو موثر عمل آوری مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے اور وقتاً فوقتاً ضلع کی سطح پر مسلمانوں کو درپیش مسائل میں بروقت ارباب مجاز سے نمائندگی کرنے اور موثر طریقہ پر متحدہ طور پر مسائل کی یکسوئی عمل میں لانے کی تجویز پیش کی گئی ۔ اس موقع پر مفتی سعید اکبر نے کہا کہ ہمیں اللہ کی رضا کو ملحوظ رکھتے ہوئے اخلاص کے ساتھ کام کرنے اور شہرت اور ریا کاری سے دور رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے اور اتحاد میں برکت ہے ۔ محمد شکیل احمد افضل نے کہا کہ پرسنل لاء بورڈ کی ہدایات اور 7 نکاتی ایجنڈہ کو روبہ عمل لانے موثر جدوجہد اور تمام پروگرامس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی ضرورت ہے ۔ جناب عبدالرحمن دائودی ناظم ضلع جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام میں مشورہ کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور ہمکو مشاورت سے کام کرنا چاہئے ۔ مولانا ارشد متین مظاہری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بند لفافہ کے ذریعہ نام بھیجے جاتے ہیں اور مسلط کیا جاتا ہے لیکن مذہبی جماعتوں میں یہ رحجان ناقابل فہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مشاورت کے ساتھ اجتماعی امور کو طئے کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ مولانا حیدر قاسمی نے تفرقہ بازی سے دور رہتے ہوئے کام انجام دینے کی تلقین کی ۔ مولانا اسد اللہ سلفی خطیب مسجد نمرہ نے کہا کہ ہمارا اتحاد بے حد اہم ہے اور ہم بکھرے ہوئے تاروں کے بجائے خورشید مبین بن کر کام کریں اور ملت کو متحد کریں ۔ حالات بہت سنگین ہے اور اس سے بڑھ کر ہمارا اتحاد اہم ہے ۔ حافظ سمیع اللہ صدر ضلع جمعیت العلماء نے اس اجلاس کو خوش آئند قرار دیا اورکہاکہ اس تنظیم کو وسیع پلیٹ فارم کی شکل دی جائے اور اس اہم کا م کو انجام دیں اور انتشار اور اختلافات سے دور رہیں ۔ صدر عیدگاہ کمیٹی نظام آباد عبدالرحمن بازرارہ نے بھی اجلاس کی تائید کی اور متنازعہ شخصیات کے بجائے اچھے افراد کو اس کام کیلئے منتخب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ صدر بیت المال نظام آباد یحییٰ ظفر نے اجلاس کو وقت کی ضرور ت پر زور دیا ۔ جمعیۃ القریش کے ضلعی صدر محمد جاوید قریشی ، فہیم قریشی نے بھی ہر سطح پر تعاون کا تیقن دیا ۔ مسعود احمد اعجاز ترجمان کانگریس پارٹی نے کہاکہ یہاں کے متفقہ فیصلہ کی وہ بھر پور تائید کریں گے اور مشترکہ پلان بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ مولانا عابد قاسمی صدر حج کمیٹی ضلع نظام آباد نے کہا کہ آج وقف ایکٹ کے خلاف متحدہ جدوجہد ناگریز ہے ۔ آج کے متحدہ اجلاس میں میلاد کمیٹی نظام آباد کے صدر رشید رضوی نے ذریعہ فون اطلاع دی کہ ان کی جماعت اس مسئلہ پر مکمل تائید و حمایت کرے گی ۔ اجلاس میں محمد نصیر الدین سکریٹری حج کمیٹی سکریٹری جمعیت العلماء ، ایم این بیگ زاہد سابق سکریٹری جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ ، ذیشان رضوی ایڈوکیٹ ( نمائندہ ایم ایس او ) ، نوید الحسن صدر ایس آئی او نظام آباد ، مجتبیٰ انس سکریٹری پی آر او ایس آئی او ، محمد شکیل امیر شہری جمعیت اہلحدیث ، محمد عبدالستار امجد امیر جماعت اسلامی ، محمد عبدالقدوس نے کہا کہ اس کام کیلئے جس مرحلہ تک جانا ہئے اور جیل بھرو جیسے پروگرامس کیے جانے چاہئے ۔ بی آرایس سے حلیم قمر ، رفیق قریشی ، عبدالمتین نے شرکت کی ۔ سابق کارپوریٹر ایم اے مقیم ، عارف انصاری ، حامد بن غانم قائد کناگریس نے اتحاد سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس کے شرکاء میں شیخ حسین ایم پی جے ، ریاض پٹیل این پی آئی ، محمدا فضل سابق صدر عیدگاہ کمیٹی نظام آباد ، جبکہ مسلم لیگ کے شیخ مجاہد ، ایس اے علیم سابق ریڈکو چیرمین ، مفتی ابراہیم صدر جمعیۃ العلماء نظام آباد ، مولانا غلام رسول قاسمی سکریٹری جمعیت العلماء ، نوید اقبال نے فون کرتے ہوئے اجلاس کی تائید کی ۔ اجلاس میں مولانا عبدالقیوم شاکر قاسمی ناظم دارالعلوم سعیدیہ ، مولانا سید ارشد علی قاسمی خطیب مسجد حمیدیہ ، مولانا عبدالولی ، منظور محی الدین ناظم جماعت اسلامی بھی موجود تھے ۔ بعدازاں مفتی سعید اکبر نے کہا کہ وہ چونکہ اپنی دوسری مصروفیات کے باعث اس کمیٹی کی سرپرستی قبول کریں گے اجلاس نے بہ اتفاق آراء جناب مولانا احمد عبدالعظیم کو اس مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ضلعی کنونیر نامزد کیا گیا اور بعدازاں مشاورت کے بعد ایک وسیع تر کمیٹی کی تشکیل عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کی تمام روئیداد سے حیدرآباد کے پرسنل لاء کمیٹی کے کنونیر مولانا غیاث احمد رشادی کو واقف کرایا گیا ۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد کے ذمہ داروں صدر بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو واقف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔