حالت نشہ میں دو افراد کاآٹو ڈرائیور پر حملہ،بیوی سے بدکلامی

   

حیدرآباد 26 دسمبر ( یو این آئی) حالت نشہ میں دو افراد نے ایک آٹو ڈرائیور پر حملہ کردیا اور ان کی بائیک کو راستہ نہ دینے پر اس کی بیوی کے ساتھ نازیبا سلوک کرتے ہوئے اس کی ساڑی کھینچ دی۔یہ واقعہ آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم ضلع کے نرسی پٹنم میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق آٹو ڈرائیور ایم نانی بابو اور اس کی بیوی راجیشوری،نانی بابو کے بھائی کے ساتھ نرسی پٹنم کے سرکاری اسپتال جارہے تھے ۔اسی دوران حالت نشہ میں دو افراد جن کی شناخت بی راماکرشنا اور ای ناگیشور راو کے طورپر کی گئی ہے ، نے ان کے آٹو کو اوور ٹیک کیا۔نانی بابو جو آٹو چلارہا تھا نے ان کو سائیڈ نہیں دی جس پران دونوں بائیک سواروں نے اس پربرہمی ظاہر کی ۔ ان افراد نے نانی بابو کا آٹو رکوایا اور اس پرحملہ کردیا۔اس موقع پرراجیشوری نے ان کو روکنے کی کوشش کی تاہم ان افرادنے اس کے ساتھ ناروا سلوک کرتے ہوئے اس کی ساڑی کھینچی اور ذات کا نام لے کر اس سے بدکلامی کی۔ان افراد نے اس سلسلہ میں پولیس سے شکایت کی۔پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔