حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حالت نشہ میں ڈرائیونگ کو روکنے اور اس کا تدارک کرنے کی کوشش میں سائبر آباد پولیس نے مئے نوشی کرنے والوں کو ایک نئے پیام میں کہا کہ ’ اگر آپ مئے نوشی کئے ہوں تو ڈرائیونگ نہ کریں ، اگر آپ ڈرائیونگ کرنا چاہتے ہیں تو مئے نوشی نہ کریں ۔ اگر آپ دونوں کا انتخاب کریں تو پھر ہوسکتا ہے کہ آپ زندگی کا انتخاب نہیں کرپائیں گے ‘ ۔ اس سال جون تک سائبر آباد پولیس کمشنریٹ میں درج حالت نشہ میں گاڑی چلانے کی وجہ ہوئی 144 اموات میں 71 اموات ویک ینڈس میں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ان میں 33 اموات اتوار کے دنوں میں ہوئیں اس کے بعد جمعہ کو 20 اور ہفتہ کو 18 ہوئیں ہیں ۔ ٹریفک پولیس عہدیداروں کے مطابق حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے کے زیادہ تر واقعات میں نشہ کرنے والوں کا کہنا ہوتا ہے کہ انہوں نے بہت تھوڑی مقدار میں الکحل کا استعمال کیا ہے یا وہ غذا کے لیے ان کے مکان سے چند میٹرس کی دوری پر ہی باہر آئے ہیں ۔ تاہم حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے واقعات کے سی سی ٹی وی تجزیہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ تھوڑی سی مقدار میں الکحل استعمال کرنے والے لوگوں نے بھی ان کی گاڑیوں کا کنٹرول کھودیا ۔ یہ دیکھا گیا کہ شراب پینے والوں نے کوویڈ 19 کی دوسری لہر سے فائدہ اٹھایا ، جس کے دوران حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے والوں کی چیکنگ نہیں کی گئی ، اور وہ حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے سڑکوں پر آگئے ۔ اس سے بھی حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ۔۔