حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) ٹریفک پولیس نے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جس کے نتیجہ میں عدالت نے 216 افراد کو جیل کی سزا سنائی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم کے تحت ٹریفک پولیس نے 1304 افراد کے حالت نشہ میں ہونے کا پتہ لگایا تھا اور اُن کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ نامپلی کریمنل کورٹ کے تیسرے اور چوتھے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے اجلاس پر اُنھیں پیش کیا گیا تھا جس میں عدالت نے 216 افراد کو جیل کی سزا سنائی اور کئی افراد کے ڈرائیونگ لائسنس بھی مستقل طور پر منسوخ کردیئے۔ اِسی طرح عدالت نے 56 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس عارضی طور پر معطل کردیئے ہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف عدالت نے 28 لاکھ 84 ہزار 800 روپئے جرمانہ بھی عائد کیا۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس کے ایڈیشنل کمشنر انیل کمار نے بتایا کہ حالت نشہ میں پائے جانے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُن کی کونسلنگ ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گوشہ محل اور بیگم پیٹ میں کی گئی ہے۔