جوبلی ہلز اور مہدی پٹنم ایکسپریس وے پر حالت نشہ میں
خواتین کی ڈرائیونگ دہشت کا باعث
حیدرآباد ۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدآباد میں نشہ اور نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں ناکافی ثابت ہورہی ہیں اور گاڑیوں کی رفتار کو قابو میں رکھتے ہوئے حادثات پر قابو پانے کے اقدامات میں بھی پولیس کی کوشش بے فیض ثابت ہورہی ہیں بالخصوص شہر میں خواتین کی جانب سے نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ کل رات اور آج صبح شہر میں اس طرح کے دو واقعات پیش آئے۔ جوبلی ہلز میں پیش آئے ایک واقعہ میں خاتون نے کار کے ذریعہ دہشت مچادی۔ بتایا جاتا ہیکہ خاتون جو نشہ کی حالت میں تھی کار کی رفتار بے قابو ہوگئی اور کار برقی پول سے ٹکرا نے بعد الٹ گئی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ کار برقی کھمبے سے ٹکرانے کے بعد ایربیلونس کھل گئے اور خاتون کی جان بچ گئی۔ اس حادثہ میں خاتون معمولی زخمی ہوگئی۔ مقام واردات پہنچی پولیس نے عوام کی مدد سے کار کے شیشہ توڑ کر خاتون کو باہر نکالا اور ہاسپٹل منتقل کیا جبکہ دوسرے حادثہ میں جو ایکسپریس وے مہدی پٹنم پر پیش آیا۔ ایک کار جس کی رفتار بے قابو تھی۔ بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ اس کار میں تین خواتین سوار تھیں جنہیں معمولی زخم آئے۔ پولیس نے کرین کی مدد سے کار کو ایکسپریس وے سے ہٹایا اور راستہ کو بحال کیا۔ یہ حادثہ آج صبح کے اولین اوقات میں پیش آیا۔ کار مہدی پٹنم سے شمس آباد کی جانب جارہی تھی۔ پولیس نے معاملات میں مقدمات کو درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع