حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے کیخلاف 236 مقدمات درج

   

حیدرآباد ۔ /29 ستمبر (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس کی جانب سے منعقدہ ڈرنک اینڈ ڈرائیو نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی میں 236 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ /27 اور /28 ستمبر کی رات کی گئی اس کارروائی میں سائبرآباد ٹریفک پولیس نے پورے کمشنریٹ میں سرچ انجام دیا ۔ ٹریفک پولیس سائبر آباد کے مطابق 236 افراد میں زیادہ تر کا تعلق 21 تا 30 سال کے درمیان ہے اور نشہ کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے پولیس کے ہاتھوں پکڑے گئے یہ افراد اعلیٰ تعلیم یافتہ اور آئی ٹی شعبہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ سائبر آباد ٹریفک پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے سے پرہیز کریں ۔ چونکہ یہ انسانی جانوں کے لئے خطرہ ہے اور خود گاڑی چلانے والوں کی ہلاکت کا سبب بن رہا ہے ۔ پولیس نے تمام شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حالت نشہ میں ڈرائیونگ سے گریز کریں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔