مشتبہ افراد کی جانچ کی مہم شروع، نشہ کے عادی افراد کو انتباہ
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بڑھتے سڑک حادثات کا جائزہ لینے کے بعد پولیس نے ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سائبرآباد کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر وجے کمار نے بتایا کہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ تاہم بڑے پیمانے پر نہیں بلکہ ان مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سڑک حادثات ان دنوں زیادہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوویڈ 19 کے پیش نظر عملے کو خصوصی تربیت دی گئی ہے اور ایسے افراد کو روکا جائے گا اور جانچ کی جائے گی جو مشتبہ نقل و حرکت کے مرتکب ہوں گے جبکہ سابق کی طرح ہر شہری کی جانچ نہیں ہوگی اور نہ ہی بیریکیٹس لگاکر ٹریفک کو روکا جائے گا۔ اچانک کارروائی کے تحت صرف مشتبہ افراد کی جانچ ہوگی اور بریتھ انیلائزر کو سینٹائز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عملے کو فیس شیلڈ دی جائے گی اور مکمل سماجی فاصلہ کے علاوہ کوویڈ 19 کی تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے گا۔ ڈی سی پی ٹریفک نے بتایا کہ جو افراد نشہ کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے قصور وار پائے جائیں گے ان کی گاڑیوں کو ضبط کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔