حالت نشہ میں گاڑی چلانے اور کمسن بچوں کو گاڑی دینے والوں کو سزا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد : نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے علاوہ اب گاڑی کے مالکین کو بھی سزا کا حقدار تصور کیا جارہا ہے۔ کوکٹ پلی کی عدالت نے ایسے ہی فیصلہ میں نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے ساتھ کمسن بچوں کو گاڑی دینے والے افراد یعنی گاڑی مالکین کو بھی سزا سنائی ہے۔ گزشتہ دو دن میں کوکٹ پلی خصوصی عدالت نے 6 افراد کے خلاف سزا سنائی ہے۔ ایک کیس میں عدالت نے 2 افراد جو نشہ میں گاڑی چلاتے گرفتار کرلئے گئے انھیں ایک ہفتہ جیل اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ ایک گاڑی مالک کو جس نے نابالغ لڑکے کو گاڑی دی تھی 2 دن جیل اور 5 ہزار جرمانہ عائد کیا جو مادھاپور ٹریفک پولیس میں پکڑے گئے تھے۔ جبکہ گچی باؤلی ٹریفک پولیس کی کارروائی میں گرفتار تین افراد کو جو نشہ کی حالت میں گاڑی چلارہے تھے، انھیں تین دن جیل کی سزا اور 15 ہزار روپئے فی کس جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔