جولائی میں 2815 مقدمات کا اندراج، 62 افراد کے لائسنس منسوخ
حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورس کے خلاف حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جولائی کے مہینے میں بھی بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک مسٹر انیل کمار نے کہا کہ جولائی 2019 ء میں 2815 افراد کو حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے پایا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے عدالت میں چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی ۔ عدالت نے 480 افراد کو قصوروار پائے جانے پر سزاء سنائی اور 62 افراد کے لائسنس مستقل طور پر منسوخ کردیئے ۔ عدالت نے قصوروار ڈرائیورس کے خلاف 61 لاکھ 35 ہزار کا چالان بھی عائد کیا ہے ۔ مسٹر انیل کمار نے کہا کہ عدالت کی جانب سے قصوروار پائے جانے اور سزاء سنائے جانے پر پاسپورٹ حاصل کرنے اور ملازمتوں کے حصول کیلئے دشواریاں ہوتی ہیں ۔