پوچارام پراجکٹ کاضلع کلکٹر نے دورہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی
کاماریڈی ۔ضلع کلکٹر نے آج پوچارام پراجیکٹ کا دورہ کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی عہدیداروں کے ساتھ سطح آب کی تفصیلات حاصل کی ۔ گذشتہ دو دنوں سے ضلع میں جاری بارش کے باعث چھوٹے اور متوسط آبی ذخیرہ لبریز ہوکر بہہ رہے ہیں اور پوچارام پراجیکٹ میں بھی بڑے پیمانے پر پانی جمع ہونے کے باعث اس علاقہ میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس پر ضلع کلکتر نے عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے پوچارام پراجیکٹ کو سیاحتی مرکز بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ بعدازاں انہوں نے یلاریڈی میونسپل آفس میں منعقدہ ہیلت کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور تفصیلات حاصل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں اب تک 2 لاکھ مکانوں کا سروے کرتے ہوئے امراض میں مبتلا افراد کی نشاندہی کی گئی ۔ ضلع کلکٹر ڈاکٹر شرت نے بتایا کہ یلاریڈی پرائمری ہیلت سنٹر کے علاوہ دیگر پرائمری ہیلت سنٹروں کے علاقوں میں 400 ہیلت کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں اور کرونا ، سیزن امراض کی وباء پھیلنے سے قبل ہی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کرونا کی ابتدائی مرحلہ میں نشاندہی کرنے کی صورت میں ادویات سے اس پر قابو کیا جاسکتا ہے اسی طرح ملیریا ، ڈینگو و دیگر امراض میں مبتلا افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے ادویات فراہم کئے جارہے ہیں اور ہیلت کیمپ کے ذریعہ بخار ، سردی و دیگر امراض سے متاثرہ افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے اور کرونا سے محفوظ رہنے کیلئے بڑے پیمانے پر شعور بیداری کی جارہی ہے ۔