حالیہ حادثات کے باوجود بھی مہا کمبھ میں عقیدتمندوں کا جم غفیر

   

مہاکمبھ نگر : مہاکمبھ میں گنگا، جمنا اور غیر مرئی سرسوتی کے مقدس سنگم میں اسنان کرنے والوں کی تعداد کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے اور ہفتہ کی صبح 10 بجے تک تقریباً 90 لاکھ عقیدت مندوں نے تروینی میں مقدس اسنان کرلیاتھا، جس میں دس لاکھ کلپواسی بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے 3 فروری کو بسنت پنچمی کو منعقد ہونے والے امرت سنان تہوار کے پیش نظر آج صبح مہاکمبھ میلہ کے علاقے کا فضائی معائنہ کیا۔ میلے کے علاقے میں، لاکھوں لوگ سنگم کے علاقے کی طرف بڑھتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ سنت مہاتماؤں کا کہنا ہے کہ مہا کمبھ کے موقع پر، تیرتھراج پریاگ راج کے کسی بھی گھاٹ پر اسنان کرنے کا فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے قریبی گھاٹ پر اسنان دھیان کریں اور بھیڑ سے بچیں۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعہ میلہ علاقہ کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ سرکاری معلومات کے مطابق، آج صبح 10 بجے تک 89 لاکھ 75 ہزار عقیدت مندوں نے تروینی میں مقدس اسنان کیا، جس کے ساتھ ہی اب تک 31 کروڑ 46 لاکھ سے زیادہ عقیدت مند مہا کمبھ کے دوران سنگم میں مقدس اسنان کر چکے ہیں۔ دوسری جانب میلہ ایریا میں بسنت پنچمی اسنان کے تہوار کے موقع پر عقیدت مندوں کی حفاظت کے لیے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسنان تہوار کے موقع پر میلے کے علاقے سمیت پورے پریاگ راج میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ میلے کے علاقے میں صرف پولیس انتظامیہ کی گاڑیوں اور ایمبولینسوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ بسنت پنچمی پر اسکولوں میں چھٹی ہوگی۔ ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کے اہلکار کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں گے ۔ میلے کے علاقے میں طبی سہولیات بھی موجود ہوں گی۔ عقیدت مندوں کو ان کے قریبی گھاٹ پر اسنان کے بعد بحفاظت ان کی منزل پر واپس کیا جائے گا۔ پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعہ عقیدت مندوں سے اپیل کی جائے گی کہ وہ گھاٹوں پر بھیڑ نہ لگائیں۔ نیز ڈرون کے ذریعہ بھیڑ کو کنٹرول کیا جائے گا۔