حالیہ لوک سبھا انتخابات میں حکمراں پارٹی کے ناقص کارکردگی پر برہمی

   

دیوے گوڑا اور خاندان کو برا بھلا کہنے پر جنتا دل (ایس) کا حمایتی گرفتار
بنگلورو۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) دو آدمیوں کو سابق وزیراعظم دیوے گوڑا اور ان کے خاندان کے افراد کو سوشیل میڈیا پر رکیک حملے کرنے کے الزام میں کرناٹک میں گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ کرناٹک کی حکمراں جماعت جنتا دل (ایس) کے تنظیمی عہدیداروں کی شکایت پر گزشتہ ہفتہ آئی پی سی کی دفعہ 504 کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے ان دونوں اشخاص کا تعلق خود حکمران جماعت سے ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار شدہ دونوں اشخاص کو جنتا دل (ایس) کی حالیہ لوک سبھا انتخابات میں ناقص کارکردگی پر برہمی تھی اور وہ اس کا الزام جنتادل (ایس) کے سب سے بڑے قائد دیوے گوڑا کی خاندانی سیاست پر لگا رہے تھے۔ ان دونوں کی شناخت ہوچکی ہے۔ ان میں سے ایک آدمی سدھاراجو پٹرول پمپ پر کام کرتا ہے اور دوسرا آدمی چام راجو ٹیکسی ڈرائیور ہے۔ یہ گرفتاری ایسے وقت عمل میں آئی جب سارے ملک میں اُترپردیش کے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ پر تنقید کرنے والے صحیفہ نگار پرشانت کنوجیا کی گرفتاری پر سارے ملک میں دھوم مچی ہوئی ہے۔