حاملہ خاتون کی بروقت مدد ، سب انسپکٹر ادریس علی کی ستائش

   

Ferty9 Clinic

زچہ اور بچہ صحت مند، لاک ڈاؤن میں پولیس کی گرانقدر اقدامات
حیدرآباد /15 اپریل ( سیاست نیوز ) لاک ڈاؤن میں عوام پر سختی کے ساتھ پولیس عوامی ہمدردی میں بھی اپنا رول ادا کر رہی ہے ۔ ایک بے بس حاملہ خاتون کی بروقت مدد کرتے ہوئے سب انسپکٹر پولیس ادریس علی نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کردی جس کے سبب وہ ایک ماں اور اس کی نومولود بچی کی جان بچانے کا سبب بن گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سب انسپکٹر آتماکور ( ایم ) ادریس علی ڈیوٹی پر موجود تھے کہ ان کا گذر پرائمری ہیلت سنٹر کے قریب سے ہوا اور انہوں نے دیکھا کہ ایک جوڑا بڑی بے بسی کے عالم میں ٹھہرا ہوا تھا اور پریشانی کے عالم میں مدد کے منتظر تھے ۔ رائے پلی جو آتماکور کے قریب واقع ہے ۔ رائے پلی سے ایک جوڑا انوشا اور اس کا شوہر ہری کرشنا ہیلت چک اپ کیلئے آئے تھے ۔ انوشا حاملہ تھی اور آتماکور کے ڈاکٹر نے اس کی جانچ کے بعد فوری بڑے ہاسپٹل بھونگیر سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا ۔ اس وقت آتماکور میں کوئی خانگی گاڑی حتی کہ 108 ایمبولنس بھی دستیاب نہیں تھی ۔ اس حالت میں پریشان حال جوڑا بے بس ہوگیا تھا اور ان کی موجودگی کی وجہ دریافت کرنے کے بعد سب انسپکٹر ادریس علی نے فوری اپنی گاڑی میں اس جوڑے کو بھونگیر دواخانہ منتقل کردیا جہاں اس خاتون نے ایک لڑکی کو جنم دیا اور دونوں صحتمند بتائے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق دواخانہ بروقت پہونچنے سے بڑا خطرہ ٹل گیا اور دونوں سلامتی کے ساتھ زیر علاج ہیں ۔ سب انسپکٹر ادریس علی کی اس انسانی ہمدردی اور پولیس کی گاڑی میں دواخانہ منتقل کے اقدام پر اعلی عہدیداروں نے بھی ان کی ستائش کی اور ان کی خدمات کو ہر گوشہ سے سرہا جارہا ہے ۔