حاملہ خواتین کو تھلیسمیا کا معائنہ کروانا چاہیئے

   

محبوب نگر میں تربیتی کیمپ کا انعقاد، وزیر آبکاری سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر۔/13 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حاملہ خواتین کو تھیلیسمیا سے محفوظ رکھنے کیلئے اسکریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ماں کے شکم میں ہی اس خطرناک بیماری کا خاتمہ کردیں۔ یہ مشورہ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے تھلسیمیا اسکل سیل سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے تمام حاملہ خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ ایچ بی اے ٹوٹسٹ کروائیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سوسائٹی کی کاوشوں کی ستائش کی ۔ انہوں نے پھر سے دہرایا کہ حاملہ خواتین کے شکم میں ہی تھلیسمیا کے خاتمہ کیلئے ہیلت عہدیدار اور ورکرس خصوصی توجہ دیں۔ حاملہ خواتین کے کئی ایک طبی معائنے ہوتے ہیں لیکن تھلسیمیا کا معائنہ نہیں ہوتا۔ تھلیسمیا کا معائنہ بھی ضرور کروائیں اور پیدائش کے بعد نومولود کا ٹسٹ بھی ضرور کروائیں۔ ریاستی وزیر نے تلنگانہ کی علحدگی سے قبل طبی سہولتوں کا آج کی سہولتوں سے موازنہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ کے مقابل 76 فیصد سرکاری دواخانہ میں زچگیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ محبوب نگر جنرل ہاسپٹل میں اب ماہانہ 1500 زچگیاں ہورہی ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر تیجس نندلال پوار، ضلع ایس پی وینکٹیشورلو، موڈا چیرمین گنجی وینکنا، لائبرریز چیرمین راجیشور گوڑ، ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر کرشنا، ایڈیشنل ڈی ایم اینڈ ایچ او بھاسکر، سوسائٹی کے نمائندے ڈاکٹر چندرکانت، ڈاکٹر سمن و دیگر موجود تھے۔