سنگاریڈی میں سیف مدر ڈے پروگرام سے نرملا جگا ریڈی و ضلع کلکٹر کا خطاب
سنگاریڈی ۔8 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹی جی آئی آئی سی چیئرپرسن نرملا جگا ریڈی نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے حاملہ خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، انہوں نے یہ بات ’’سیف مدر ڈے ‘‘ پروگرام کے موقع پر کہی، جو محکمۂ صحت کے زیر اہتمام میڈیکل کالج کے کانفرنس ہال سنگا ریڈی میں ہیلتھ ویک تقریبات کے تحت منعقد ہوا۔ اس موقع پر حاملہ خواتین کی دیکھ بھال، این سی (اے این سی) چیک اپس، زچگی کے دوران دوران خطرات، سی سیکشن، ہائی رسک حمل اور پی سی پی این ڈی ٹی ایکٹ جیسے موضوعات پر ڈاکٹروں کے لیے ورکشاپ بھی منعقد کی گئی۔تقریب میں ضلع کلکٹر پراوینیا بھی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئیں اور پروگرام کا افتتاح کیا۔نرملا جگا ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت ماں اور بچے کی صحت کے لیے تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے حاملہ خواتین کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے طبی معائنہ کروائیں اور خون کی کمی سے بچاؤ کے لیے متوازن غذا اختیار کریں۔ انہوں نے کم عمری کی شادیوں کو روکنے پر بھی زور دیا تاکہ کم عمر حمل کے خطرات سے بچا جا سکے۔ضلع کلکٹر پراوینیا نے کہا کہ محفوظ زچگی اور ماں و بچے کی صحت کے تحفظ کے لیے طبی عملے کو باہمی تعاون سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت طبی معائنہ، ویکسینیشن اور مناسب غذائیت کے ذریعے ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ماؤں میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آشا اور اے این ایم کارکنان کے ذریعے دیہی سطح پر ورکشاپس منعقد کی جائیں تاکہ حاملہ خواتین تک مکمل معلومات پہنچ سکیں۔تقریب میں محکمۂ صحت کے اعلیٰ افسران، ڈاکٹروں، میڈیکل آفیسرز اور حاملہ خواتین نے شرکت کی۔