لندن : لندن ہائی کورٹ نے دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم کو حکم دیا ہے کہ وہ بچوں کے حوالگی کے معاملے میں اپنی سابقہ اہلیہ کو 55 کروڑ 40 لاکھ پاؤنڈ (73 کروڑ 30 لاکھ ڈالر) ادا کریں جو کہ ایک ریکارڈ رقم ہے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جج فلپ مور کے مطابق شہزادی حیا بنت الحسین اور ان کے دو بچوں 14 سالہ جلیلا اور 9 سالہ زید کو دی جانے والی یہ رقم ان کے تحفظ کے لیے ہے کیونکہ انہیں خود اپنے والد سے بھی خطرہ ہے۔جج کا کہنا تھا کہ ’تحفظ کے علاوہ وہ کوئی انعام نہیں مانگ رہیں‘، وہ شادی ٹوٹنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا ازالہ چاہتی ہیں۔یہ رقم مختلف مدت میں ادا کی جائے گی جس میں برطانیہ میں واقع شہزادی حیا کے بنگلوں کی دیکھ بھال، قرضوں کی ادائیگی، ان کے اور ان کے بچوں کی حفاظت اور ان کے بچوں کی تعلیم بھی شامل ہے۔عدالتی حکم میں کہا گیا کہ یہ بچوں کو ان کے اپنے والد کی جانب سے اغوا ہونے سے محفوظ رکھنے کے لیے ہے، اس رقم سے بلٹ پروف گاڑیاں بھی خریدی جائیں گی جنہیں چند سال بعد تبدیل کیا جائے گا۔لندن کے کچھ وکلا کے مطابق کسی برطانوی فیملی کورٹ کی جانب سے اب تک تصفیے میں اتنی کثیر رقم کا حکم نہیں دیا گیا۔