حبشی گوڑہ اور حسن نگر میں آتشزدگی کے واقعات

   

بھاری مالی نقصان ، علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول
حیدرآباد ۔ 2 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعات سے علاقوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ، حبشی گوڑہ اور حسن نگر عطاپور میں یہ واقعات پیش آئے۔ شہر میں شدید موسلا دھار بارش میں راحت کاری کے اقدامات کو انجام دینے والی ڈی آر ایف کی ٹیمیں ابھی چین کی سانس لے رہی تھیں کہ ان آتشزدگی کے واقعات کے سبب وہ دوبارہ متحرک ہوگئیں اور دونوں ہی واقعات میں آگ کو پھیلنے سے روکتے ہوئے راحت کاری اقدامات کو انجام دیا ۔ تاہم آتشزدگی کے واقعات کے رونما ہونے سے شہریوں میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ حسن نگر عطاپور میں ایک ملبوسات کے گودام میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ کثیف دھویں کے بادل اور بھیانک آگ سے آس پاس کے علاقوں میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ اطلاع کے فوری بعد محکمہ فائر نے موثر اقدامات کو انجام دیا ۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے دو منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اس دوران فائر بریگیڈ عملہ نے آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ آگ کو دوسرے مکانات تک پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کو انجام دیا ۔ اس حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلایا جارہا ہے تاہم آتشزدگی کے واقعہ سے بھاری مالی نقصان ہوا ہے ۔ حبشی گوڑہ کے علاقہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس عمارت میں آگ لگی اس میں ایک بار اور معروف برانڈ کے ملبوسات کا شوروم پایا جاتا ہے ۔ مقامی عوام کی جانب سے فوری طورپر فائر اور پولیس ڈپارٹمنٹ کو اس کی اطلاع دی گئی ہے ۔ آگ پر قابو پانے کیلئے اور راحت کاری اقدامات کیلئے فوری طورپر ڈی آر ایف کی ٹیموں کو بھی طلب کرلیا گیا اور ڈی آر ایف کی ٹیموں نے محکمہ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کے ساتھ راحت کاری اقدامات کو انجام دیا ۔ ان واقعات میں بھاری مالی نقصان کی اطلاعات پائی جاتی ہیں جبکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ع

پولیس نے دونوں ہی واقعات میں مقدمات کو درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع