حبیب محمد العیدروس تلنگانہ تلگو دیشم کے اقلیتی صدر نامزد

   

حیدرآباد۔28جولائی (سیاست نیوز) جناب حبیب محمد العیدروس کو تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے ریاستی اقلیتی سیل کا صدر نامزد کرتے ہوئے انہیں ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں میں تلگودیشم پارٹی کے فروغ اور پارٹی کے امکانات کو بہتر بنانے کے اقدامات کویقینی بنانے کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کومتحرک بنانے کے لئے صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے تلنگانہ ریاستی صدر کی حیثیت سے کاسانی گیانیشور کو نامزد کیا ہے اور وہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے اقدامات کے طور پر اب پارٹی کے مختلف سیل جن میں ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی سیل کے علاوہ دیگر شامل ہیں انہیں متحرک کرنے کے اقدامات کا آغاز کر چکے ہیں ۔ جناب حبیب محمد العیدروس نے تلنگانہ تلگودیشم ریاستی اقلیتی سیل کے عہدہ پر انہیں نامزد کئے جانے پر کہا کہ وہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ ریاستی صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر کاسانی گیانیشور کے مشکور ہیں اور اس بات کی کوشش کریں گے کہ ممکنہ حد تک ریاست میں تلگو دیش پارٹی کے احیاء کے اقدامات کو یقینی بناسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں موجود عوام کو ریاست میں خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں وہ اب بھی تلگو دیشم پارٹی کے ساتھ ہیں اور تلگو دیشم پارٹی کے کارکن جو پارٹی کے نظریات سے اتفاق کرتے ہیں وہ اب بھی شہر حیدرآباد اور تلنگانہ کی ترقی کی جدوجہد میں پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔