حجاب فیصلہ کے خلاف گلبرگہ میں بند کامیاب اور پُر امن

   

مسلمانوں کے ساتھ مختلف برادران وطن نے بھی احتجاج میں حصہ لیا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اظہار تشکر

گلبرگہ : کرناٹک کے تعلیمی اداروں میںحجاب کے استعمال کے خلاف کرناٹک ہائی کورٹ نے جو فیصلہ صادر کیا ہے اس فیصلہ کو نہایت افسوس ناک قرار دیتے ہوئے امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد نے 17مارچ کو مسلمانان کرناٹک نے فیصلہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بند منانے کی اپیل کی تھی ۔ چنانچہ اس ضمن میں 16مارچ کو گلبرگہ میں مختلف ملی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہد ہ د اران جناب علیم احمد اور جناب شاہ نواز خان شاہین کے بیان کے بموجب کرناٹک ہائی کورٹ کی جانب سے تعلیمی اداروں میں حجاب کے استعمال کے خلاف جو افسوس ناک عدالتی فیصلہ صادر ہو اہے اس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جائینٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ کی درخواست پر مسلمانان گلبرگہ کیعلاوہ بہت سے دیگر برادران وطن نے بھی 17مارچ کو اپنی دوکانیں اور کاروباراحتجاج کے طور پر بند رکھے ۔ ۔واضح رہے کہ گلبرگہ میں اس احتجاجی بند سے قبل جائینٹ ایکشن کمیٹی کا ایک اجلاس قائیدملت ہال نیا محلہ گلبرگہ میں مولانا محمد نوح کی صدارت میں منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں ارکان جائینٹ ایکشن کمیٹی،جناب عبدالواحد رشادی سابقہ کنوینر جائینٹ ایکشن کمیٹی ، مولانا جاوید عالم خان صدر صدائے ملت، مولانامحمد ابراہیم صدر امام کونسل گلبرگہ۔ جناب منا بھائی دھارواڑ صدر جائینٹ ایکشن کمیٹی، جناب نذر محمد خان، صدر جمعیت اہل حدیث ، گلبرگہ ، ڈاکٹر محمد اصغر چلبل ریاستی کو آر ڈینیٹر ملی کونسل کرناٹک ، قاضی رضوان الرحمٰن صدیقی مشہود صدر بہمنی فائونڈیشن، انجنئیر افضال محمود سیکریٹری کرناٹک مسلم پولیٹیکل فورم ، علیم الٰہی جنرل سیکریٹری ، ایس ڈی پی آئی ، محمد شعیب کو آر ڈینیٹر اسٹوڈینٹس کیامپس و دیگر حضرات شریک تھے ۔جائینٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں مسلمانان گلبرگہ اور برادران وطن سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ حجاب کے خلاف عدالتی فیصلہ پر اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کے لئے کاروبار بند رکھیں ۔ چنانچہ اس اپیل کے نتیجہ میں گلبرگہ بند نہایت کامیاب اور پر امن رہا ۔ اس کامیاب احتجاجی بند پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام عہدہ داران اور ارکان نے مسلمانان گلبرگہ اور برادران وطن کا شکریہ ادا کیا ہے۔