حجاب مسلم خواتین کا دستوری حق، گورنر سے کانگریس اقلیتی قائدین کی ملاقات

   

اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حکومت کو ہدایت دینے کی درخواست

حیدرآباد۔/13فروری، (سیاست نیوز) کانگریس کے اقلیتی قائدین نے ملک بھر میں جاری حجاب تنازعہ اور تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ پر ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے نمائندگی کی۔ پردیش کانگریس کے آرگنائزنگ سکریٹری عثمان محمد خاں کے علاوہ اقلیتی قائدین ارشد خاں، متین شریف اور محمد اسمعیل نے گورنر کو یادداشت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دستور میں ہر شہری کو مذہبی آزادی دی گئی ہے لیکن کرناٹک میں بی جے پی حکومت نے حجاب پر پابندی کی کوشش کی تاکہ مسلم طالبات کو تعلیم سے دور رکھا جائے۔ قائدین نے کہا کہ اگرچہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے لیکن دستور میں فراہم کردہ حقوق کا تحفظ ہونا چاہیئے۔ کانگریس قائدین نے درگاہ حضرت حسین شاہ ولی ؒ کی اوقافی اراضی تحفظ میں وقف بورڈ کی ناکامی اور شہر کے مضافاتی علاقہ شاہ میر پیٹ میں قدیم قطب شاہی مسجد کے انہدام سے واقف کرایا۔ قائدین نے کہاکہ حکومت کو مسجد کی دوبارہ تعمیر کی ہدایت دی جائے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیئے۔ گورنر کو یادداشت حوالے کرتے ہوئے کارروائی کی درخواست کی گئی۔ر