نئى دہلی: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے ہفتہ کے روز واضح کیا کہ انتظامیہ ریاست کے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی ہٹانے پر غور کر رہی ہے اور حکومتی سطح پر بات چیت کے بعد فیصلہ لیا جائے گا۔ یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ابھی تک یہ (حجاب پر سے پابندی ہٹانا) نہیں کیا ہے۔ مجھ سے کسی نے (حجاب پر سے پابندی اٹھانے پر) سوال پوچھا۔ میں نے جواب دیا کہ حکومت اسے منسوخ کرنے پر غور کر رہی ہے۔‘ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس تعلیمی سال میں ایسا کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ حکومتی سطح پر بات چیت کے بعد کیا جائے گا۔یہ وضاحت ان کے اس بیان کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ لباس اور کھانا لوگوں کی ذاتی پسند کا معاملہ ہے۔ اس سے ایک دن پہلے انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت بی جے پی کی طرف سے حجاب پر پابندی کا حکم واپس لے گی۔