حجاب کی تائید میں جمعیۃ العلماء نظام آباد کا زبردست احتجاج

   

اوچھی سیاست کیلئے مذہبی آزادی اور تعلیم کو نشانہ بنانے کی مذمت ، حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع کا خطاب

نظام آباد : ہندوستان دنیا ا واحد جمہوری ملک ہے جہاں پر تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنے مذہبی حقوق کے ساتھ زندگی بسر کرنے آزادی کا حق حاصل ہے۔ ساری دنیا میں ہندوستان کو ہمہ مذہبی جمہوریت کی بنیاد پر خصوصیت حاصل ہے ہندوستان ایک ہمہ مذہبی گلدستہ ہے جو انتہائی خوبصورت ہے اسی لئے مشہور شاعر علامہ اقبال نے کہا تھا کہ ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا ‘‘۔ لیکن موجودہ دور میں مٹھی بھر فرقہ پرست طاقتیں ہندوستانی جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی وقفہ وقفہ سے کوشش کررہے ہیں جس کی تازہ مثال ریاست کرناٹک میں جہاں پر بی جے پی کی حکومت ہے کالج کی طالبات کو با حجاب داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ حالانکہ ممبئی اور کیرلا ہائی کورٹ میں حجاب کو مسلم طالبات کا بنیادی حق قرار دیا گیا ہے ۔ حافظ محمد لئیق خان صدر جمعیت العلماء ہند نظام آباد کے زیر اہتمام آج نہروپارک پر حجاب کی تائید میں احتجاج منظم کیا گیا انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تمام مذاہب کے لوگ اپنے مذہبی شعار کو اختیار کرتے ہوئے زندگی بسر کرتے ہیں جس کی مثال اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہیں جو ہمیشہ اپنے مذہبی لباس میں ملبوس رہتے ہوئے سرکاری پروگرام میں شرکت کرتے ہیں ۔ حافظ محمد لئیق خان نے فرقہ پرست طاقتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دستور ہند میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مذہبی آزادی کا حق دیا گیا ہے لیکن اوچھی سیاست کیلئے مسلم اقلیت کو بار بار نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مختلف کالجس کی طالبات نے اس احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے احتجاج درج کرایا اور حجاب ہمارا بنیادی حق ہے جیسے فلک شگاف نعرہ بلند کئے ۔ با حجاب طالبات شدید برہم دکھائی دے رہی تھی ۔ حجاب کی تائید میں ریاست تلنگانہ میں سب سے پہلا احتجاج نظام آباد شہر میں درج کرایا گیا ۔ اس احتجاج میں مولانا غلام رسول قاسمی جنرل سکریٹری جمعیت العلماء ، حافظ حکیم سکریٹری ، حافظ اشرف ، حافظ وسیم ، حافظ احمد ، مفتی ابراہیم خان ، مولانا طلحہ ، مولانا یونس ، حافظ اصغر ، حافظ اکبر ، معین یونس قائد کانگریس ، ثناء اللہ خان کے علاوہ با حجاب طالبات نے کثیر تعداد میں حصہ لیا ۔ باحجاب طالبات نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تعلیم میں فرقہ وارانہ سیاست کرنے اور با حجاب طالبات کے داخلہ پر پابندی عائد کرنے کیخلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فرقہ پرستوں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔