بنگلورو : کرناٹک میں کئی مسلم تنظیموں نے ہائیکورٹ کے حجاب فیصلہ کے خلاف جمعرات 17 مارچ کو ریاست گیر بند منانے کی اپیل کی ہے۔ امیرشریعت کرناٹک کے مولانا صغیراحمد خان رشادی نے اس بند کی اپیل کی ہے۔ شریعت اس ریاست میں تمام مسلم تنظیموں کا مادر ادارہ ہے اور اس نے عدالت کے فیصلہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ویڈیو پیام میں مولانا رشادی نے کہا کہ میں تمام مسلمانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ یہاں پڑھے گئے حکمنامہ کو بغیر سنے اور اس پر سختی سے عمل کریں۔ حجاب کے تعلق سے کرناٹک ہائیکورٹ کے افسوسناک حکمنامہ کے خلاف اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے 17 مارچ کو پورا دن ساری ریاست کرناٹک میں بند منانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس بند میں مسلم برادری کے ہر گوشہ کو حصہ لینا ہوگا۔ کرناٹک ہائیکورٹ نے منگل کو اپنے فیصلہ میں کہا کہ حجاب اسلام کا لازمی مذہبی عمل نہیں ہے۔ اس طرح عدالت نے حجاب پر وہ پابندی برقرار رکھی جو ریاستی بی جے پی حکومت نے عائد کی ہے۔