حجاب کی تائید کرنے والی مہم پر فرانس کا اعتراض

   

پیرس : فرانس نے کونسل آف یوروپ کی جانب سے نفرت انگیز مسلم مخالف تقاریر کے خلاف چلائی جانے والی ایک مہم کو روک دیا ہے جو دراصل مسلم خواتین میں حجاب کے استعمال کی آزادی کی تائید کرتی ہے ۔ اس موقع پر فرانس کی ریاستی وزیر برائے اُمور نوجوانان و اسپورٹس سارہ ال ہیری نے ایل سی آئی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کی جانب سے چلائی جانے والی مہم نے انہیں حیرت زدہ کردیا ہے جو فرانس کے اقدار کے مغائر ہے ۔اس مہم کے ذریعہ ایک ایسی ویڈیو وائرل کی جارہی ہے جس میں مسلم خواتین کو حجاب پہننے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ حالانکہ اس کے ذریعہ سیکولرازم اور مذہبی آزادی کی تائید ضرور کی گئی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ اس میںمسلم خواتین کے دریعہ حجاب پہننے کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے ۔ مہم میں ایک ایسی خاتون کی تصویر پیش کی گئی ہے جس میں اس کے سر کے آدھے بال کھلے ہیں اور آدھے حجاب سے ڈھکے ہوئے ہیں ۔