حیدرآباد۔/21 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے حجاج کرام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی میں اسلامی شعار کو اختیار کرتے ہوئے دوسروں کیلئے ایک مثال ثابت ہوں۔ جناب محمد سلیم آج مسجد عامرہ عابڈز میں حجاج کرام 2022 کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس کا عنوان ’’ حج کے بعد کی زندگی‘‘ رکھا گیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے تعاون سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا تاکہ حجاج کرام کو باقی زندگی شریعت کے مطابق گذارنے کی تلقین کی جاسکے۔ مختلف علمائے کرام نے بھی اس پروگرام سے خطاب کیا۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کا مرتبہ کافی بلند ہوجاتا ہے اور تمام حجاج کرام سے باقی زندگی میں بہتر اعمال اور نیکیوں کی امید کرتے ہیں۔ حجاج کرام کو چاہیئے کہ وہ اپنی زندگی کو مکہ اور مدینہ میں گذارے ہوئے ایام کی طرح ڈھال لیں اور اپنی اولاد اور خاندان کو نیکیوں کی تلقین کرتے ہوئے مسلم معاشرہ سے برائیوں کے خاتمہ میں اہم رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حج کی استطاعت رکھنے والے شخص کے لئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ ایام حج دراصل نیکیوں کی ٹریننگ کی طرح ہیں جس طرح ایام حج اور سعودی عرب میں قیام کے دوران نمازوں کا اہتمام کیا جاتا ہے وہی سلسلہ تاحیات جاری رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام اگر خود کو شریعت کے مطابق ڈھال لیں تو سماج میں برائیوں کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ سوشیل میڈیا نہ صرف نوجوانوں بلکہ ہر شخص کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ سوشیل میڈیا کے بہتر استعمال سے دینی معلومات حاصل ہوسکتی ہیں لیکن اس کے غلط استعمال کی صورت میں برائیوں میں اضافہ ہوگا۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ نوجوان نسل کو والدین کی عظمت اور اہمیت سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ کوئی بھی شخص ماں باپ کی دعاؤں کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا۔ محمد سلیم نے کہا کہ میں خود بھی ایک غریب خاندان سے ترقی کیا ہوں اور میں نے ہمیشہ والدین کی خدمت کی ہے۔ آج بھی ہم تین بھائی ایک ہی گھر میں مشترکہ فیملی کی طرح رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی نے مثالی انتظامات کئے تھے جس کی حجاج کرام نے بھی بھرپور ستائش کی۔ اس موقع پر مولانا مفتی ابوبکر، مولانا محمد مصدق احمد نے بھی خطاب کیا۔ حج کمیٹی کے ارکان سید نظام الدین، جعفر خاں اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹوآفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ر