’مابعد حج زندگی‘ پر پروگرام سے صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کا خطاب
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ حجاج کرام کو اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور مقدس فریضہ کی ادائیگی کے بعد زندگی دوسروں کیلئے مثالی ہونی چاہیئے۔ جناب محمد سلیم تلنگانہ حج کمیٹی کے زیر اہتمام مسجد عامرہ عابڈز میں ’’ حج کے بعد کی زندگی ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد انسان گناہوں سے ایسے پاک ہوجاتا ہے جیسے اس نے ماں کے پیٹ سے جنم لیا ہو۔ حجاج کرام کو چاہیئے کہ مابعد حج اپنی زندگیوں کو شرعی احکام کے مطابق بسر کرتے ہوئے دوسروں کیلئے مثال پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فریضہ حج کی ادائیگی کے باوجود زندگی میں تبدیلی نہیں آتی ہے تو ایسے افراد دوسروں میں اسلامی تعلیمات عام کرنے کا کام انجام نہیں دے سکتے۔ اس پروگرام میں حج 2023 کے حجاج کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محمد سلیم نے کہا کہ موجودہ دور میں والدین اپنے بچوں کی انگریزی تعلیم کو ترجیح دے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں نئی نسل دینی تعلیم اور اسلام سے دور ہورہی ہے۔ بچپن میں دینی تعلیم کے حصول اور نماز کی ادائیگی کیلئے لوگ فاصلہ طئے کرتے تھے لیکن آج مساجد کی کثرت کے باوجود مصلیوں کی کمی ہے۔ انہوں نے حجاج کرام سے کہا کہ وہ نہ صرف نمازوں کی پابندی کریں بلکہ دیگر احکامات پر بھی سختی سے عمل پیرا ہوں۔ مولانا محمد مصدق احمد استاد حدیث و فقہہ مدرسہ امدادالعلوم ریڈ ہلز کے علاوہ مولانا محمد مزمل جنیدی اور عرفان شریف اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی نے مخاطب کیا۔