حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے حجاج کرام کی واپسی کا 7 ستمبر کو آغاز ہوگا۔ 5 ریاستوں کے 8300 سے زائد حجاج کرام 22 قافلوں میں ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں سے وطن واپس ہوں گے۔ کل 7 ستمبر کو 3 قافلے واپس ہوں گے جبکہ آخری قافلہ 15 ستمبر کو حیدرآباد پہنچے گا۔ یہ تمام قافلے مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچیں گے۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک، مہاراشٹرا اور تاملناڈو کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کی روانگی عمل میں آئے گی۔ 42 تا 45 ایام قیام کے بعد حجاج کرام فریضہ حج کی تکمیل اور مدینہ منورہ کی زیارت سے مشرف ہونے کے بعد وطن واپس ہورہے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے حجاج اکرام کے استقبال کی تیاری کرلی ہے۔ حجاج کو ایرپورٹ پر فی کس 5 لیٹر زم زم فراہم کیا جائے گا۔ گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل توجہ دہانی کے باوجود جی ایم آر کے حکام نے لگیج کی منتقلی کے لیے کنویئر بلٹ کا انتظام نہیں کیا ہے جس کے نتیجہ میں حجاج کرام کو اپنا سامان خود منتقل کرنا پڑے گا۔ ضعیف العمر حجاج کرام کی مدد کے لیے والنٹرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ پہلا قافلہ ایرانڈیا کے شیڈول کے مطابق رات دیر گئے 1:30 بجے حیدرآباد پہنچے گا ۔ خصوصی حج ٹرمینل میں حجاج کرام کے لیے نماز گاہ اور ٹائلٹس کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اسی دوران ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی ایل عبدالقادر نے بتایا کہ آندھراپردیش کے حجاج کرام 11 تا 14 ستمبر مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔