5 ریاستوں کے حجاج کی فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر وزیر داخلہ کا بیان
حیدرآباد۔/15ستمبر، ( سیاست نیوز) حج 2019 کے حجاج کرام کی واپسی کا آج اختتام عمل میں آیا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے 5 ریاستوں کے حجاج کرام فریضہ حج کی ادائیگی اور مدینہ منورہ کی زیارت کا شرف حاصل کرنے کے بعد ایر انڈیا کی 23 خصوصی پروازوں کے ذریعہ وطن واپس ہوگئے۔ حجاج کرام کا آخری قافلہ آج صبح حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچا جس میں 308 حجاج کرام موجود تھے ان کا تعلق تلنگانہ، کرناٹک اور ٹاملناڈو سے ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، ایکزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ ( آئی ایف ایس ) اور دوسروں نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ آخری فلائیٹ میں تلنگانہ کے 185، کرناٹک کے 58 اور ٹاملناڈو کے 65 حجاج کرام شامل تھے۔ ایر پورٹ پر فی حاجی 5 لیٹر زم زم حوالے کیا گیا۔ لگیج کی منتقلی کیلئے والینٹرس کی خدمات حاصل کی گئیں۔ حجاج کرام کے استقبال کیلئے بڑی تعداد میں رشتہ دار اور دوست احباب موجود تھے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے حجاج کرام کی روانگی اور واپسی کے موقع پر انتظامات کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا۔ جاریہ سال حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کیلئے ایر انڈیا کی خدمات فراہم کی گئی تھیں اور واپسی میں مدینہ منورہ سے پروازوں میں کئی گھنٹوں کی تاخیر کے سبب حجاج کرام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ آخری قافلہ کی واپسی کے ساتھ ہی حج 2019 کیمپ عملاً اختتام کو پہنچا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 5 ریاستوں کے حجاج کرام روانہ ہوئے۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش کے تمام حجاج کرام کی روانگی گزشتہ کئی برسوں سے حیدرآباد سے ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ سابق ریاست حیدرآباد کے مہاراشٹرا اور کرناٹک کے اضلاع کے حجاج بھی حیدرآباد سے روانہ ہوتے ہیں۔ پہلی مرتبہ ٹاملناڈو کے 2 قافلوں کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئی۔ اسی دوران وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حجاج کرام کی بخیر و عافیت واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حجاج کرام کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ محمود علی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہمیشہ حجاج کرام کے انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں کو خصوصی ہدایات دی ہیں۔
