حجاج کرام کے ساتھ ائر انڈیا کا معاندانہ رویہ

   

Ferty9 Clinic

مدینہ منورہ ائرپورٹ پر بیاگیج کھول کر زم زم نکال دیا جا رہا ہے
حیدرآباد 19 اگسٹ ( سیاست نیوز ) حجاج کرام کی سعودی عرب سے واپسی کا آغاز ہوچکا ہے تاہم اس موقع پر مسلم مسافرین اور خاص طور پر حجاج کرام کے ساتھ ائر انڈیا کا ناشائستہ اور امتیازی سلوک واضح ہو رہا ہے ۔ مدینہ منورہ کے ائرپورٹ پر مسافرین کا سامان کھولا جا رہا ہے اور ان کے بیاگ سے زم زم کی بوتلوں کو پھینک دیا جا رہا ہے جس سے حجاج کرام میں مایوسی پیدا ہو رہی ہے ۔ مسلمان زندگی میں ایک بار حج کیلئے جاتے ہیں اور انہیں مقدس آب زم زم لانے سے بھی روکا جا رہا ہے ۔ اس سلسلہ میں حج کمیٹی ذمہ داران ‘ مرکزی وزیر اقلیتی امور اور ائر انڈیا کو حرکت میں آنا چاہئے اور اگر حجاج کرام کے بیاگیج میں اگر زم زم پایا جائے تو نرمی سے کام لیا جانا چاہئے ۔ سعودی حکومت ہر حاجی کو پانچ لیٹر زم زم مفت فراہم کرتی ہے اور بعض حاجی اضافی پانی لانے کی خواہش رکھتے ہیں تاہم یہ ان کے مقررہ وزن میں ہوتا ہے ۔ حجاج کرام جب اپنے وطن واپس ہوتے ہیں تو رشتہ داروں اور احباب و پڑوس میں تبرکا زم زم کی تقسیم عمل میں لاتے ہیں اسی وجہ سے یہ لوگ اپنے مقررہ بیاگیج ہی میں اضافہ زم زم لانے کی کوشش کرتے ہیں تاہم مدینہ منورہ کے ائرپورٹ پر ائر انڈیا حکام کی جانب سے حجاج کرام کے سامان کو کھول کر ان میں پانی کی بوتلیں اگر پائی جاتی ہیں تو انہیں نکالا جا رہا ہے ۔ ائرانڈیا ذمہ داران کے اس طرح کے اقدام سے ائرپورٹ پر حجاج کرام کو مشکلات بھی پیش آ رہی ہیں کیونکہ بیشتر حجاج کرام عمر رسیدہ ہیں اور دوبارہ اپنے بیاگیج کو باندھنے میں انہیں پریشانی بھی لاحق ہو رہی ہے ۔ ائر انڈیا اور متعلقہ حج کمیٹی حکام اور مرکزی وزیر کو اس مسئلہ پر توجہ کرتے ہوئے حجاج کرام کے ساتھ نرمی سے پیش آنا چاہئے ۔