حجاج کوبیاگیج الاؤنس کی حد تک آب زم زم ساتھ لانے کی اجازت

   

نئی دہلی ، 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایئر انڈیا نے آج بیان کیا کہ سعودی عرب سے حج کے بعد واپس ہونے والے حجاج کرام کو آب زم زم ساتھ لانے کی بیاگیج الاؤنس کی گنجائش کی حد تک اجازت دی جائے گی۔ 4 جولائی کو ایئر انڈیا کے جدہ آفس کی سیلز ٹیم نے بتایا جاتا ہے کہ تمام ٹراویل ایجنٹس کیلئے تحریری طور پر بیان کیا کہ 15 ستمبر تک طیارہ کی تبدیلی اور نشستیں محدود ہونے کے سبب زم زم کیانس کو فلائٹ نمبرس AI966 (جدہ۔ حیدرآباد۔ جدہ) اور AI964 (جدہ۔ کوچین) کے ذریعے ساتھ لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایئر انڈیا نے آج ٹوئٹ کیا کہ AI966 اور AI964 پر زم زم کیانس کو ساتھ نہ رکھنے کے تعلق سے ہدایات کے حوالے سے ہم وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ مسافرین کو اُن کے بیاگیج الاؤنس کی حد تک زم زم کیانس ساتھ لانے کی اجازت ہے۔ ایئرلائن نے کہا کہ جس کسی کو سابقہ بیان سے زحمت ہوئی، اُس کیلئے ہم معذرت خواہ ہیں۔ نیشنل ایئرلائن کی ویب سائٹ بیان کرتی ہے کہ بیورو آف سیول ایوئیشن سکیورٹی کی نوٹس کے مطابق مسافرین کو اُن کے ہینڈ بیاگیج میں 100 ملی لیٹر سے زیادہ مائع ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ماسوائے ادویات وغیرہ۔ تاہم، چیک اِن بیاگیج میں مائع کی مقدار پر کوئی حد عائد نہیں ہے۔