ریاض ، 6 جون (کے این واصف) سعودی وزارت صحت نے حج سیزن 2025 کے دوران گزشتہ برس کے مقابل حجاج کرام میں گرمی کی تھکن ؍ نڈھال ہونے کے کیسز میں 90 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ گروپ پلاننگ کی پابندی، چھتریوں کے استعمال اور سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی نے مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ یہ کامیابی ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن اورعازمین کیلئے تجرباتی پروگرام کے مقاصد کے مطابق ہے۔ ان پروگرا موں کا مقصد عازمین حج کو محفوظ اور صحت مند ماحول میں مناسک حج کی ادائیگی کیلئے با اختیار بنانا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ کیسز میں نمایاں کمی احتیاطی تدابیر میں اضافے، صحت سے متعلق آگاہی مہم، صحت کے شعبے اور متعلقہ سرکاری ایجنسیوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کا براہ راست نتیجہ ہے۔ ان مشترکہ کوششوں نے حجاج کو گرمی کی تھکاوٹ سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔