حجۃ پر امریکی حملے میں حوثی رہنما شہید ، صعدہ اور الحدیدہ بھی نشانہ

   

صنعا: العربیہ ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ حوثی رہنما حجہ گورنری کے شہر بنی قیس پر امریکی حملے میں مارے گئے۔ امریکی حملوں نے صعدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔مزید برآں حوثی میڈیا نے کہا ہے کہ امریکی لڑاکا طیاروں نے مغربی یمن کی الحدیدہ گورنری میں المنصوریہ کے علاقے میں الصنیف گاؤں پر فضائی حملہ کیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ بمباری کے نتیجے میں مکانات اور املاک کو مادی نقصان پہنچا ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔ قبل ایزں حوثیوں نے نئی معلومات کا اعلان کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ منگل کی شام الحدیدہ پر حملوں میں چار افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔ ان حملوں کو امریکہ سے منسوب کیا گیا۔واضح رہے 15 مارچ کو واشنگٹن نے حوثیوں کے خلاف فوجی آپریشن کا اعلان کیا تھا تاکہ بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں بحری جہازوں پر حملے بند کرائے جا سکیں۔واشنگٹن نے اطلاع دی کہ اس نے حوثیوں کے کئی اعلیٰ عہدیداروں کو جاں بحق کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کو ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے تہران کو ان کی حمایت جاری رکھنے کے خلاف خبردار کیا تھا۔دریں اثنا وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے منگل کے روز کہا ہے کہ حوثیوں کے خلاف یہ حملے انتہائی موثر تھے۔ انہوں نے 200 سے زیادہ کامیاب حملوں کی بات کی۔ٹرمپ نے پیر کے روز اپنے پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” کے ذریعے حوثیوں اور ایرانیوں کو خبردار کیا کہ اگر بحری جہازوں پر حملے بند نہ ہوئے تو آنے والا حملہ بہت بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ وہ جہاز رانی کی آزادی کے لیے خطرہ پیدا کرنا ختم نہیں کرتے۔