حج اور عمرہ ویزا فیس میں اضافہ نہیں : سعودی عرب

   

اخبارات میں شائع خبر سراسر غلط ، سفیر سعودی عرب متعینہ ہند کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : حج اور عمرہ ویزا فیس میں 6 گنا اضافہ سے متعلق شائع شدہ خبر کو سراسر غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سفارت مملکت العربیہ سعودیہ متعینہ ہند نئی دہلی نے وضاحت کی کہ مورخہ 24 اکٹوبر کو اخبارات میں شائع رپورٹ جس میں حج اور عمرہ کی ویزا فیس کو 6 گنا اضافہ کردئیے جانے اور عازمین حج کے لیے سفر حج مہنگا ہونے کی اطلاع دی گئی ہے یہ خبر قطعی غلط ہے ۔ اس خبر کے ذرائع کی نشاندہی نہیں کی گئی ۔ سفارتخانہ سعودی عرب کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ ماجد الحربی نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کی مجلس وزراء نے حال ہی میں حج اور عمرہ عازمین کے لیے ویزا سسٹم کی تجدید کو منظوری دی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ویزیٹرس اور ٹرانزٹ مسافروں کے لیے بھی ویزا سسٹم میں تبدیلیاں لائی گئی ہیں ۔ ویزا فیس میں اضافہ کی خبر کسی تصدیق کے بغیر شائع کی گئی ہے ۔ عوام میں اس غلط خبر کی وجہ سے جو اندیشہ پیدا ہوا ہے اس کو دور کرنے کے لیے سفارت خانہ مملکت العرب السعودیہ نے یہ وضاحت جاری کی ہے ۔۔