حج اور عمرہ ویزا فیس میں اضافے کی اطلاعات بے بنیاد: ڈاکٹر اوصاف سعید

   

فی عازم صرف 300 سعودی ریال فیس مقرر، ٹراویل ایجنٹس کے بغیر بھی عمرہ کی ادائیگی کی سہولت
حیدرآباد۔ 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے حج اور عمرہ کے ویزا فیس میں اضافے سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے اس طرح کا غلط پروپگنڈا کیا جارہا ہے جس سے عوام میں الجھن پیدا ہوسکتی ہے۔ حکومت سعودی عرب کی جانب سے ویزا فیس میں چھ گنا اضافے سے متعلق خبروں کو حقائق سے بعید قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر اوصاف سعید نے نمائندہ سیاست کو بتایا کہ خادم حرمین شریفین پرنس سلمان نے حج اور عمرہ کے علاوہ ویزٹرس اور ٹرانزٹ پیسنجرس کے لیے ویزا سسٹم میں تبدیلی کے ساتھ احکامات جاری کیے ہیں۔ نئے احکامات کے مطابق ہر شخص کے لیے فی کس 300 سعودی ریال ویزا فیس مقرر کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ حج، عمرہ، سیاحت، تجارت، فیملی وزٹ، فرینڈ ویزٹ اور ٹرانزٹ ویزٹ کے لیے بھی قابل عمل ہوگا۔ فضائی، بحری اور زمینی راستوں سے آنے والوں کے لیے یکساں نوعیت کی فیس وصول کی جائے گی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے حکومت سعودی عرب کے احکامات کی تفصیل روانہ کی جس میں بتایا گیا کہ عمرہ، ٹورزم، بزنس، فیملی اینڈ فرینڈ وزٹ اور دیگر مقاصد کے لیے سنگل انٹری پر فی کس 300 سعودی ریال فیس رہے گی۔ قیام کی مدت ایک ماہ اور ویزا کی مدت تین ماہ رہے گی۔ مذکورہ بالا مقاصد کے لیے ایک سے زائد مرتبہ انٹری کے لیے فی کس 300 سعودی ریال ویزا فیس رہے گی۔ قیام کی مدت تین ماہ اور ویزا کی اہلیت ایک سال ہوگی۔ حج ویزا جو حج سیزن میں جاری کیا جاتا ہے اس میں فی عازم 300 سعودی ریال فیس رہے گی۔ قیام کی مدت اور ویزا کی اہلیت حج سیزن رہے گا۔ ٹرانزٹ ویزا برائے ویزٹ کے لیے بھی فی کس 300 سعودی ریال ویزا فیس رہے گی۔ قیام کی مدت 96 گھنٹے اور ویزا کی اہلیت بھی 96 گھنٹے ہوگی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ٹورسٹ ویزا دستیاب ہیں جس پر عمرہ ادا کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے عازمین عمرہ کو ٹراویل ایجنٹس کے ذریعہ آنے کی ضرورت نہیں۔ فی کس 300 سعودی ریال تقریباً 80 ڈالر ہوتے ہیں۔ حج اور عمرہ کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سے زائد مرتبہ ایک سال میں عمرہ کی سعادت پر 2000 سعودی ریال کے جرمانے کو ختم کردیا گیا ہے۔ حکومت سعودی عرب نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے سیاحتی ویزا اجرائی کا آغاز کیا جس کی اہلیت ایک سال رہے گی۔ ٹورسٹ ویزا پر ایک سے زائد مرتبہ سعودی عرب میں داخلے کے ذریعہ عمرہ بھی ادا کیا جاسکتا ہے اس کے لیے ٹراویل ایجنٹ سے رجوع ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ، برطانیہ اور شینگن ویزا رکھنے والے ہندوستانی سیاحوں کے لیے بھی اسی طرح کی سہولتیں بہم پہنچانے کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب سے نمائندگی کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں مذاکرات جاری ہیں۔