جدہ ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے حج ، عمرہ اور ویزیٹنگ ویزوں کی فیس کو یکساں کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے 300 سعودی ریال کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ اس موقع پر وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بین تین نے شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان سے اس شاہی فرمان کو جاری کرنے پر اظہار تشکر کیا جس میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایک سے زائد بار عمرہ کرنے والوں سے زائد فیس وصول کرنے کا طریقہ بھی ختم کردیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر صالح نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ مثبت فیصلہ اس بات کا عکاس ہے کہ سعودی قیادت اس بات کی خواہاں ہے کہ عالم اسلام سے ہر مسلمان حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے مقامات مقدسہ تک آئے، جس نے مملکت کے 2030 ء کے ویژن کو بھی اجاگر کردیا ہے جب 2030 ء تک عمرہ ادا کرنے والوں کی تعداد 30 ملین تک پہنچ جائے گی۔ یاد رہے کہ قبل ازیں ایک سے زائد عمرہ کرنے والوں سے 2000 سعودی عریال وصول کئے جاتے تھے۔