حج اور عمرہ کیلئے ٹور آپریٹرس کی خدمات ایک سعادت: محمد سلیم

   


حیدرآباد میںحج اینڈ عمرہ ایکسپو کا آغاز، سعودی عرب کے نامور آپریٹرس کی شرکت
حیدرآباد۔/28 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے کہا کہ حج اور عمرہ کیلئے خدمات کی فراہمی ٹورآپریٹرس کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ ملک بھر کے ٹورآپریٹرس کو حجاج کرام اور معتمرین کی خدمت کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیئے۔ جناب محمد سلیم حیدرآباد میں آل انڈیا حج اینڈ عمرہ ایکسپو 2022 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ایکسپو میں نہ صرف ہندوستان بلکہ سعودی عرب کے نامور ٹورآپریٹرس نے شرکت کی۔ جناب محمود سعید باوزیر ڈائرکٹر آف سیلس، جناب عماد ( مکہ ہوٹل اینڈ ٹاور ) ، محمد خالد (الحرم ٹراویل اینڈ ٹوریزم ) ، حماد ماؤف الہیانی ( حماد حج اینڈ ٹورس ) ، عاشر اریکدن، افنان عبداللہ ( ہلٹن سوٹس مکہ مکرمہ )، عبداللہ ایم راشد، شاہد ( بنگلور )، ماجد عبدالرحمن اور دیگر نامور ٹور آپریٹرس نے ایکسپو میں شرکت کرتے ہوئے حج اور عمرہ کیلئے دی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا۔ جناب محمد سلیم نے کہاکہ حج اور عمرہ کیلئے ٹورآپریٹرس کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹور آپریٹرس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کیلئے تیار ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ امن و بھائی چارہ کی سرزمین ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سیکولر چیف منسٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے معطل رکن اسمبلی کے گستاخانہ بیان کے بعد چیف منسٹر نے فوری مداخلت کرتے ہوئے سخت کارروائی کی اور حالات کو قابو میں کیا۔ ملک کی تمام ریاستوں میں تلنگانہ پُرامن اور ترقی پذیر ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی کونسل جنرل اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ نمائندگی کرتے ہوئے ٹورآپریٹرس کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ محمد سلیم نے ایکسپو کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بیرونی ٹوآپریٹرس کو تہنیت پیش کی گئی۔ر