حج درخواست گذاروں کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی

   

ریجنل پاسپورٹ آفس میں 15 اور18 ڈسمبر کو خصوصی کاؤنٹر

حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج 2024 کے درخواست گذاروں کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کو یقینی بنانے کیلئے ریجنل پاسپورٹ آفس سکندرآباد میں خصوصی کاؤنٹر قائم کیا جارہا ہے جو 13دسمبر سے شروع ہوچکا ہے ۔ 15 اور 18 ڈسمبر کو بھی کام کرے گا۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر جے سنہیجا کے مطابق حکومت ہند نے حج 2024 کیلئے آن لائن درخواستوں کی وصولی کا آغاز کیا ہے اور 20 ڈسمبر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ درخواست گذاروں کا انٹرنیشنل پاسپورٹ کم از کم 31 جنوری 2025 تک کارکرد رہنا چاہیئے۔ درخواست گذاروں کی سہولت کیلئے سکندرآباد میں واقع ریجنل پاسپورٹ آفس میں خصوصی کاؤنٹر تین دن کیلئے قائم کیا جارہا ہے۔ درخواست گذار پاسپورٹ سے متعلق اپنی درخواستیں تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ داخل کریں اور درخواستوں کی کاؤنٹر پر یکسوئی کی جائے گی۔ عازمین حج سے اس سہولت سے استفادہ کی اپیل کی گئی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے دو علحدہ فہرستیں روانہ کی ہیں جن میں پہلی فہرست 46 اور دوسری 41 درخواست گذاروں کے نام ، فون نمبر اور دیگر تفصیلات پر مبنی ہیں۔ بیشتر درخواستوں میں پاسپورٹ کی تجدید اور بعض درخواستیں نئے پاسپورٹ کی اجرائی سے متعلق ہیں۔