حج سویدھا ایپ حجاج کی صحت و سلامتی میں معاو ن

   

ممبئی : حکومتِ ہند خصوصاً وزارتِ اقلیتی امور کی وزیر سمرتی ایرانی کی قیادت و سرپرستی میں حج 2024 کے انتظامات لگ بھگ مکمل ہو گئے ہیں۔ وزارت اقلیتی امور اپنی باوقار وزیر کی سرپرستی میں آج بھی ہندوستانی عازمین حج کیلئے بہتر سہولیات کیلئے پوری طرح کوشاں ہے۔ ان سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے وزرات نے حج سویدھا ایپ تیار کیا ہے جو جملہ ضروریات کے ساتھ آپ کی صحت و تندرستی میں بھی مدد گار و معاون ہوگا۔ حج سویدھا ایپ نے اپنی خدمات 29 اپریل 2024سے شروع کر دی ہیں۔ عازمین ایپ ڈاون لوڈ کریں، چلانا سیکھیں اور اس کا بھر پور فائدہ اُٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار حج کمیٹی آف انڈیا کے سی، ای، او ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی۔ آئی، آر، ایس نے حج ہاوس میں عازمین حج کیلئے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر آفاقی نے مزید بتایا حکومتِ ہند کی وزارتِ صحت اور خاندانی بہبود ہندوستانی حجاج کیلئے ہر سال پورے ملک میں ویکسین اور دیگر لازمی جانچ کا بندوبست کرتی ہے ۔