حج سیاسی وابستگی اور نعرے بازی کی جگہ نہیں‘تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین

,

   

مسجد نمرہ میں لاکھوں فرزندان توحید کا اجتماع‘ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر المعیقلی کاخطبہ حج
ریاض : لاکھوں فرزندان اسلام نے میدان عرفات میں حج کا خطبہ سنا اور پیغمبر اسلام کی پیروی کرتے ہوئے ایک اذان اور دو اقامتوں کے ساتھ ظہر اور عصر کی نمازیں قصر ادا کیں۔ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر المعیقلی نے خطبہ حج دیا ہے۔انہوں نے مسلمان کو تلقین کی تقوی اختیار کریں اور اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔انہوں نے کہا ہے کہ حج عبادت اور شعائر کی ادائیگی کا مقام ہے۔ یہ سیاسی وابستگی اور نعرے بازی کی جگہ نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ شریعت اسلامی کے احکام انسانی زندگی کی بہتری اور ترقی کے لیے ہیں اور ان میں دوسروں کو اذیت دینے اور نقصان پہنچانے کا سد باب کیا گیا ہے۔شیخ ماہر نے کہا ہے کہ اسلامی شریعت نے عدل اور فضیلت پر مبنی اخلاق کے علاوہ والدین کے ساتھ حسن سلوک،صلہ رحمی، سچائی ، حقوق کی حفاظت، امانت کی ادائیگی، وفاداری اور ولی امر کی سمع و اطاعت کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اسلام شریعت نے انسان کے 5 حقوق کی حفاظت کا حکم دیا ہے اور یہ پانچ حقوق دین کی حفاظت، جان کی حفاظت، عقل کی حفاظت، مال کی حفاظت اور عزت و ابرو کی حفاظت ہیں۔ان حقوق پر تجاوز کرنا جرم قرار دیا گیا ہے۔مسجد الحرام کے امام و خطیب نے کہا ہے کہ شریعت نے مصلحت عامہ کا خیال رکھتے ہوئے اچھائی کو نمایاں کرنے اور برائی کو دبانے کا حکم دیا گیا ہے۔شریعت کا حکم ہے کہ برائی کو روکنا اچھائی کے حصول پر مقدم ہے۔ حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کے لیے لاکھوں عازمین عرفات کے میدان میں موجود ہیں۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد عازمین نے سارا دن میدانِ عرفات میں عبادت الٰہی اور دعائیں کرتے گزارا۔سورج غروب ہوتے ہی عازمین وادی مزدلفہ کی جانب روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کیں اور رمی کے لیے کنکریاں اکھٹی کیں۔ حجاج کرام رات مزدلفہ کے میدان میں بسر کریں گے اور نماز فجر ادا کرنے کے ساتھ ہی وہ منیٰ کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔میدان عرفات آنے والے تمام راستوں پر چیک پوسٹیں قائم ہیں جبکہ کسی کو بھی میدان عرفات میں حج پرمٹ کے بغیر جانی کی اجازت نہیں۔ ایسی گاڑییاں جن پر مشاعر مقدسہ میں جانے کا پرمٹ چسپاں نہیں انہیں چیک پوسٹوں سے گزرنے نہیں دیا جا رہا۔وزارت دفاع ہو سکیورٹی اداروں کے ٹیمیں مسلسل میدان عرفات کا دورہ کر رہی ہیں جبکہ وزات دفاع کے ہیلی کاپٹر میدان عرفات کی مسلسل فضائی نگرانی کر رہے ہیں۔رات کے آخری پہر جبل الرحمہ پر پہنچنے والے حجاج دعاؤں میں مصروف رہے۔ مسجد نمرہ دنیا کی وہ واحد مسجد ہے جو ہر سال صرف ایک دن یعنی یوم عرفہ کو ہی کھولی جاتی ہے۔ یہاں خطبہ حج ادا کرنے کے بعد ظہر اورعصر کی نمازیں اکھٹی ادا کی جاتی ہیں۔ حج مقامات میں میدان عرفات وہ واحد مقام ہے جو حدود حرم سے باہر ہے۔مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے ذریعے حجاج کو میدان عرفات سے مزدلفہ کے میدان میں پہنچایا جائے گا جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات بسر کریں گے اور نماز فجر ادا کرتے ہی منیٰ کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔