ریاض : سعودی عرب میں الزمزمہ کمپنی نے اس سال کے حج سیزن کیلئے اپنا آپریشن پلان ترتیب دے دیا ہے جس کے مطابق زائرین کو 20 لٹر زمزم کے پانی کی بوتلوں کی تقسیم کو ختم کرکے اس کی جگہ 330 ملی لیٹر والی بوتلوں کی تقسیم شامل ہے۔ میڈیا کے مطابق الزمزمہ کمپنی جو سعودی وزارت حج و عمرہ کی نگرانی میں آتی ہے نے کہا ہے کہ اس سال کے منصوبے ویژن 2030 کے مطابق تھے۔ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن حسن محمود ابو الفراج نے کہا کہ پانی کی چھوٹی بوتلیں زائرین کے لیے زیادہ قابل رسائی اور آسان ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے حج سیزن منصوبے کے پہلے حصے میں مکہ مکرمہ کے اہم داخلی مقامات پر زمزم کی تقسیم کے مقامات کی تیاری شامل ہے۔ ہر زائر کے لیے دو کولڈ بوتلیں ہیں۔محمود ابو الفراج نے کہا کہ زائرین کے رہنمائی مراکز پر پہنچنے پر ان میں زمزم کے پیکج تقسیم کرنے کے لیے سپروائزرز اور ورکرز کو بھرتی کیا جائے گا تاکہ زمزم زائرین کے ذریعے پیا جانے والا پہلا پانی ہو۔