عوام سے حج کمیٹی آف انڈیا کی اپیل
حیدرآباد۔ 13 فروری (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے عوام سے اپیل کی کہ حج امور سے متعلق سوشل میڈیا میں پھیلائی جارہی مختلف خبروں پر بھروسہ نہ کریں اور کسی بھی خبر کی تصدیق کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ سے رجوع ہوں۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا مقصود احمد خان نے اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حج کمیٹی سے منسوب کرتے ہوئے سوشل میڈیا میں غلط اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ حج 2020ء، حجاج کرام کی خدمت کے لیے حج والنٹرس کی روانگی اور کم خرچ پر حج روانگی جیسی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ بعض افراد حج کمیٹی کے طرز پر سرکولر تیار کرتے ہوئے غلط خبریں پھیلارہے ہیں اور لوگ ان پر بھروسہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کمہا کہ بعض افراد رقمی لین دین کررہے ہیں جو باعث افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی خبروں کے بارے میں حج کمیٹی سے رجوع کریں اور لوگوں کے بہکاوے میں نہ آئیں اور نہ کسی شخص سے رقمی لین دین کریں۔ خبر کی تصدیق کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلط خبریں عام کرنے والوں کے خلاف حج کمیٹی پولیس کارروائی کرے گی۔