سی بی آئی سی کا آج دہلی میں اجلاس، وزیر فینانس ہریش رائو کی جانب سے نمائندگی کا تیقن
حیدرآباد۔13مارچ(پریس نوٹ) تلنگانہ کے وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش رائو نے اس بات کا تیقن دیا کہ تلنگانہ کے حج عمرہ گروپ آرگنائزرس کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ قرار دینے کے لئے وہ سنٹرل بورڈ آف انڈائرکٹ ٹیکسس اینڈ کسٹمس کے اجلاس میں بھرپور نمائندگی کریں گے جس کا اجلاس 14 مارچ کو منعقد ہوگا۔ حج و عمرہ گروپ آرگنائزرس اسوسی ایشن آف تلنگانہ کے ایک وفد نے آج چیرمین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج مسیح اللہ خان کی قیادت میں وزیر فینانس سے ملاقات کرکے ان سے اپیل کی کہ وہ حج کمیٹی اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کے توسط سے حج کی سعادت حاصل کرنے والے تمام عازمین کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ کردیں۔ وفد میں الحاج محمد عبدالرزاق قمر صدر ‘ محمد سراج خان جنرل سکریٹری ‘ میر عادل علی‘ شیخ محمود شامل تھے۔ وفد نے وزیر کو ایک یادداشت پیش کی جس میں انہیں بتایا گیا کہ حج عمرہ گروپ آرگنائزرس نیگیٹیو لسٹ کلاز 5(b) کے تحت کسی بھی قسم کی مذہبی سرگرمیوں کے لئے فراہم کی جانے والی خدمات کے لئے حج عمرہ گروپ آرگنائزرس جی ایس ٹی سے مستثنیٰ ہیں تاہم تذبذب کی وجہ سے کمشنرس اور اسسٹنٹ کمشنرس کے علاوہ بعض ٹریبونلس 5(b) استثنیٰ سے رضامند ہیں اور بعض اس سے اتفاق نہیں کرتے جس کے نتیجہ میں حج و عمرہ گروپ آرگنائزرس اسوسی ایشن آف تلنگانہ کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں کی حج گروپ آرگنائزرس کی تنظیمیں سپریم کورٹ سے رجوع ہوئیں۔ 11 دسمبر 2019ء کو مرکزی حکومت کے سینئر وکیل نے عدالت عالیہ میں بیان دیا کہ درخواست گزاروں کو اختیار ہے کہ وہ اس سلسلہ میں مجاز ادارے‘ سی بی آئی سی سے نمائندگی کریں۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی سی بورڈ سے کہا ہے کہ وہ اندرون 90 دن اس معاملہ کی درخواست پر نظر ثانی کرے۔ وہ بورڈ کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں۔ چنانچہ سی بی آئی سی کا اجلاس14 مارچ کو منعقد ہورہا ہے جس میں تمام ریاستوں کے وزرائے فینانس اور متعلقہ عہدیدار شرکت کریں گے۔ حج و عمرہ گروپ آرگنائزرس اسوسی ایشن آف تلنگانہ نے مسٹر ہریش رائو سے نمائندگی کرتے ہوئے ان سے سی بی آئی سی بورڈ سے نمائندگی اور جی ایس ٹی سے استثنیٰ کی اپیل کی ۔