حج قرعہ اندازی میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت

   

کانگریس کی الیکشن کمیشن سے نمائندگی، سیاسی قائدین کی شرکت پر اعتراض
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حج 2020 ء قرعہ اندازی تقریب میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی سے شکایت کی ہے۔ کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کنوینر جی نرنجن نے الیکشن کمشنر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ایک دن قبل اس سلسلہ میں سکریٹری کمیشن سے کی گئی شکایت کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے باوجود حج قرعہ اندازی تقریب میں اسپیشل چیف سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا آئی اے ایس نے سیاسی قائدین کے ساتھ شرکت کی ہے۔ کمیشن سے کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ اجئے مشرا نے قرعہ اندازی کا افتتاح کیا جبکہ تقریب میں حج کمیٹی کے صدرنشین مسیح اللہ خاں ، اقلیتی کمیشن کے صدرنشین محمد قمرالدین ، وقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم کے علاوہ کارپوریٹر ممتا گپتا اور سنٹرل اور ریاستی حج کمیٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔ نرنجن نے تحریری شکایت کے ساتھ تقریب کی تصاویر اور محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کی نقل حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ 23 ڈسمبر کو الیکشن کمیشن نے انتخابی اعلامیہ جاری کیا اور فوری اثر کے ساتھ ضابطہ اخلاق نافذ کردیا گیا۔ حج ڈرا ساری ریاست کیلئے ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت آتا ہے ، اس کے باوجود تقریب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی تاکہ مخصوص رائے دہندوں کو برسر اقتدار پارٹی کے حق میں کیا جاسکے ۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ سرکاری عہدیداروں نے سیاسی قائدین کے ساتھ تقریب میں شرکت کی جو الیکشن کمیشن کی ہدایات کے خلاف ہے۔ الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی کہ وہ خلاف ورزی پر فوری کارروائی کرے۔ تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔